ملتان میں کورونا قابو میں آنے لگا،مریض کم ہونے لگے
ایک لاکھ سے زائد کی ویکسین مکمل
کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور کورونا ویکسی نیشن کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ اور محکموں صحت کی کاوشوں سے کورونا مریضوں کی شرح میں واضح کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان گورمانی نے ضلع ملتان میں کورونا کے حوالے سے تازہ ترین اعداد وشمار جاری کردیئے ہیں۔
اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران1917 افراد کے کورونا ٹیسٹ لئے گئے جن میں سے 1838 افراد کے کورونا ٹیسٹ نیگیٹو جبکہ 79 پازیٹیو آئے ہیں۔اس طرح کورونا پازیٹیو مریضوں کی شرح4.12فیصد ہو گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع ملتان میں کورونا مریضوں کے ایکٹیو کیسسز کی تعداد 1060 ہے جن میں سے 108 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں جبکہ952 گھروں میں قرنطینہ ہیں۔ڈاکٹر شعیب الرحمان نے بتایا کہ ضلع ملتان میں 1لاکھ29 ہزار سے زائد افراد کی کورونا ویکسی نیشن مکمل کر لی گئی ہے ، جن میں 26ہزار362 ہیلتھ ورکرز بھی شامل ہیں۔سی ای او ہیلتھ نے بتایا کورونا ویکسین کی29 ہزار ڈوزز محکمہ صحت کے سٹاک میں موجود ہیں۔اور حکومت کی طرف سے کورونا ویکسین کی سپلائی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شہری موبائل پیغام کے ذریعے کوڈ ملنے پر کورونا ویکسی نیشن کرائیں تاکہ وباء سے جلد چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔


















