ملتان میں 14 اگست تک 70ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر

کمشنر جاوید اختر محمود کی جانب سے شہر اولیاء میں سبزے کی بہار لانے کا سفر جاری ہے، اس سلسلے میں ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے 14 اگست تک 70 ہزار تیار درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز جشن آزادی کے سلسلے میں کمشنر جاوید اختر محمود نے سیوڑہ چوک پر پودا لگاکر جشن آزادی شجرکاری مہم کا آغاز کیا ۔
اس موقع پر چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ اور ڈی جی ایم ڈے قیصر سلیم نے بھی پودے لگائے اور ملکی سلامتی کیلئے دعا مانگی۔
کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ سیوڑہ چوک گرین بیلٹ پر 4 سو پودے لگاکر گرین بیلٹ بحال کی جائے گی، تاکہ روڈ کی خوبصورتی کے ساتھ درجہ حرارت میں بھی کمی لائی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ سایہ دار درخت لگانے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا ہے شہریوں کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنے حصے کا پودا لگائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ادارے جشن آزادی کے حوالے سے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں۔
ترقیاتی اداروں کو بھی ہر نئی سکیم میں شجرکاری یقینی بنانے کا حکم دیاگیا ہے۔اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے شفقت رضا نے شجرکاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔



















