ملتان میں 20بچوں کا خسرے سے بچانے کا ہدف مقرر
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ ضلع کے 20 لاکھ سے زائد 9 ماہ سے زائد العمر بچوں کو خسرے سے بچاؤ کی مہم کے اہداف ہر صورت پورے کرینگے ۔
اس سلسلے میں 27 نومبر تک جاری رہنے والی اس مہم میں روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچوں کو خسرہ کے انجکشن لگائے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ محکمہ صحت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزماں قیصرانی اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب گورمانی،ڈی ایچ او ڈاکٹر علی مہدی بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے بچوں کو پولیو اور خسرے کے مہلک اثرات سے بچانے کیلئے بھرپور مہم کا آغاز کیا ہے جس کی تکمیل کیلئے ضلع ملتان میں 12 سو سے زائد فیلڈ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ والدین کی آگاہی کیلئے بھرپور مہم کا آغاز کیا جائے اور ویکسینیشن کے حوالے سے تحفظات دور کئے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فیلڈ میں کیمپ لگاکر مساجد میں اعلانات کئے جائیں اور ہر گھر تک ٹیم کو پہنچایا جائے۔
دریں اثناءمحکمہ صحت کی جانب سے خسرہ مہم کی کامیابی کیلئے گزشتہ روز بھی محکمہ صحت کی ٹیموں نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب گورمانی اور ڈی ایچ او ڈاکٹر علی مہدی کی سربراہی میں مہم جاری رکھی اور ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد بچوں کو خسرہ اور پولیو کے قطرے و انجکشن لگائے۔


















