میپکوٹیم پرحملہ:تشدد، جان سے مارنے کی دھمکیاں

ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو)بونگاحیات سب ڈویژن پاکپتن کی ٹیم پر بجلی چور صارف کا مسلح افراد کے ہمراہ تشدد۔ جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور کارسرکار میں مداخلت کے تحت مقدمہ درج کروادیاگیا۔
ایس ڈی او میپکوبونگاحیات سب ڈویژن پاکپتن محمد اقبال بھٹی کے مطابق میٹرانسپکٹر شاہد خان اور میٹرریڈر غلام مصطفی سکنہ ٹبی موہل میں ممتاز عرف تاج جسکا محکمہ کی طرف سے کوئی منظورشدہ اکاؤنٹ نمبر نہ ہے کے گھر چیکنگ کی تو ملزم نے ایل ٹی لائن سے ڈائریکٹ سپلائی لگائی ہوئی تھی۔
مذکورہ بجلی چور کو پہلے ہی بجلی چوری کی مد میں ایک یونیورسل اکاؤنٹ نمبر جاری کیاہوا ہے اور بجلی چوری کے جرمانے کی مد میں 29863روپے واجب الاداہونے کے ساتھ ساتھ بجلی چوری کا مقدمہ بھی تھانہ چک بیدی میں درج ہے۔
میپکو سٹاف نے بجلی چوری کے شواہد حاصل کرنے کے لئے تصویر بنانے کی کوشش کی تو ممتاز عرف تاج نے میٹرریڈر غلام مصطفی کو گریبان سے پکڑ لیا اور مارمارکر زخمی کردیا اور دو نامعلوم کے ہمراہ مسلح ہوکر تشدد کیا اورجان سے مارنے کی دھمکیاں دیتارہا۔
علاقہ کے چند افراد کی مداخلت پر دونوں اہلکار اپنی جان بچاکر بھاگنے میں کامیاب ہوئے۔
تھانہ چک بیدی میں مذکورہ بجلی چور اور نامعلوم افراد کے خلاف کارسرکار میں مداخلت، بجلی چور ی کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج کروادیا گیا ہے۔


















