Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

ٹرانس جینڈرکمیونٹی کی تعلیم کے لئے ملتان میں پائلٹ پراجیکٹ کاآغاز

سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈرکمیونٹی کوتعلیم کے بنیادی حق کی فراہمی کے لئے ملتان سے ایک پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے, جس کے تحت وہ بغیر کسی تعصب اور خوف کے ایک عام طالب علم کی طرح اپنے تعلیمی سلسلے کو بہتر طریقے سے جاری رکھ سکیں گے۔

وہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان کے کمیٹی روم میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو تعلیم کی فراہمی اور اس حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لئے منعقدہ مشاورتی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اس موقع پرایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمنسٹریشن) عطاء الحق، ایڈیشنل سیکرٹری (سکولزایجوکیشن) محمد انصر سیال، ایڈیشنل سیکرٹری (ہائیر ایجوکیشن) ڈاکٹر فرید شریف، ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) جنوبی پنجاب طاہرہ پروین، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان کے سی ای اوشمشیر احمد خان سمیت محکمہ سکولز ایجوکیشن کے متعلقہ افسران اور ٹرانس جینڈرکمیونٹی کی تعلیم اور حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے سماجی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

سیکرٹری ایجوکیشن ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ پاکستان میں ٹرانس کمیونٹی اس وجہ سے تعلیم حاصل نہیں کرپاتی کہ تعلیمی اداروں میں ان کو مختلف قسم کے تعصب اور خوف کا سامنا کرنا پڑتاہے جس سے وہ اپنے تعلیمی سلسلے کو خیرباد کہہ کر کوئی نامناسب راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے ایک پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ٹرانس کمیونٹی کے افراد کو شام کے اوقات میں دوگھنٹے کے لئے سکول میں تعلیم دی جائے گی جبکہ تدریسی فرائض کے لئے اسی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ افراد کو مامور کیا جائے گا۔

ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب پاکستان کا پہلا ادارہ ہو گا جو ہائیر ایجوکیشن کے ایڈمیشن فارم پر طلبہ کی جنس کے تعین کے طورپر میل اور فی میل کے علاوہ (X) کا آپشن دے گاجبکہ ٹرانس کمیونٹی کے لئے سکول کے قیام کے علاوہ جماعت چہارم تا ہشتم کی معاشرتی علوم میں ٹرانس جینڈر کے حوالے سے مضمون اور دیگر کلاسز میں جینڈراسٹیڈیز کو بطو ر مضمون نصاب میں شامل کرنے کے لئے سنگل نیشنل کریکولم کے سٹیک ہولڈر کو مراسلہ بھیجا جائے گا، انہوں نے مزیدکہا کہ ٹرانس جینڈرکمیونٹی کی تعلیم کے حوالے سے اس پراجیکٹ کو کامیاب بنانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گااور جلد ازجلد اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
ڈاکٹراحتشام انور نے ٹرانس جینڈر کی تعلیم کے حوالے سے آگہی مہم،اس حوالے سے کام کرنے والی این جی اوز کے ساتھ رابطہ سازی، نصاب اور سکول کے لئے جگہ کے تعین، نظام الاوقات، کلاسز کے اجراء، ٹرانس جینڈر طلبہ کو وسیلہ تعلیم سہولت کارڈ اور صحت کارڈکی فراہمی اور دیگر معاملات کو حتمی شکل دینے کے لئے ڈی پی آئی(ایلیمنٹری) جنوبی پنجاب طاہرہ پروین، ڈپٹی سیکرٹری (سکینڈری) خواجہ مظہرالحق، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان کے سی ای اوشمشیر احمد خان، سیکشن آفیسر حنا چوہدری اور پاکستان کی پہلی ٹرانس جینڈرایم فل ڈگری ہولڈرٹیچر مس عائشہ پر مشتمل ایک ٹاسک فورس دیتے ہوئے انہیں جلد ازجلدرپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button