ٹیلنٹ ہونے کے ساتھ تجربے اور مہارت میں اضافے کی بھی ضرورت : ڈاکٹر عظمی ٰ قریشی
ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت دن بدن ترقی کی جانب گامزن ہے اور اس ترقی کا حصہ بننے کے لیے ٹیلنٹ ہونے کے ساتھ تجربے اور مہارت میں اضافے کی بھی ضرورت ہے۔ اگر آپ کسی بھی ادارے میں جاب کے لیے اپلائی کریں توانٹرویو میں سب سے پہلا سوال” تجربہ ،،کا ہی کیا جاتا ہے۔ طالبات کا کردار جامعہ کی تعمیر وترقی میں شانہ بشانہ رہتا ہے۔
وہ یونیورسٹی کی طالبات کی انٹرن شپ پروگرام کے تحت تعیناتی کے موقع پر خطاب کررہی تھیں ،انہوں نے کہا کہ انٹرن شپ، گریجویشن کے دوران حاصل کی جانے والی تعلیم ، معلومات اور صلاحیتوں کے عملی اظہار کا ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ اگر چہ علم کی اہمیت اپنی جگہ قائم ہے لیکن اس میں اضافہ تب ہی ممکن ہے، جب اس علم کو عملی طور پر ثابت بھی کیا جائے۔ انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے طلبہ و طالبات کو اپنے کیرئیر کی سیڑ ھی پر پہلا قدم رکھنے ، مختلف اداروں میں کام کے طریقہ کار کو سمجھنے اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملتی ہے،پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی پروگرام شروع کر رکھے ہیں ، انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے پوسٹ گریجوایٹ نوجوانوں کو عملی زندگی کیلئے مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ تجربہ فراہم کیا جا رہا ہے ، میرٹ پر منتخب ہونے والے طلباو طالبات کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ ماہانہ وظیفہ ملنے سے انٹرن شپ کرنے والی طالبات معاشی تفکرات سے آزاد ہو کر پیشہ ورانہ تربیت حاصل کریں۔
تقریب میں رجسٹرار پروفیسر فرزانہ اکرم، ڈاکٹر سعدیہ ارشاد ، ڈاکٹر ملکہ لیاقت اور لیکچرر ماریہ شاہد تھے انٹرن شپ پروگرام برائے طالبات کے تحت یونیورسٹی کی انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کی 8 اور 6 سمسٹر کی طالبات کو انٹرن شپ کے لیے مختلف ڈیپارٹمنٹس میں تعینات کیا جائے گا ۔


















