پاکستان انجینئر کونسل کے انتخابات میں پروفیشنل ایکسیلنس گروپ کا جلسہ

پاکستان انجینئر کونسل کے انتخابات میں پروفیشنل ایکسیلنس گروپ کے امیدوار برائے چیئر مین انجینئر وسیم نزیر نے کہاہے کہ پی ای سی میں انجینئر کے مسائل کو اجاگرکرنے کے لئے کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے گئے ہیں، جس کی وجہ سے ینگ انجینئر شدید مشکلات اورپریشانی میں مبتلا ہیں۔
ہر سال ہزارو ں کی تعداد میں ینگ انجیئنر فارغ التحصیل ہو رہے ہیں، لیکن انکے روزگا ر کے حصول کے لئے ابھی تک کہیں سے بھی آواز بلند نہیں ہوئی ہے ۔
ینگ ڈاکٹر کی طرح ینگ انجینئر ز کو بھی ایک سال کے لئے سرکاری سطح پر نوکری کے مواقع فراہم کئے جائیں۔
پی ای سی میں گذشتہ کئی سالوں سے برا جمان افراد نے آج تک انجینئر کی فلاح وبہبود کے لئے کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں، جس کی وجہ سے آج کا انجینئر احساس محرومی کا شکار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پروفیشنل ایکسیلنس گروپ کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انجینئرکیپٹن سرفراز، انجینئرمجاہد چھٹہ، انجینئربلال احمد، انجینئرشفیق میتلا، انجینئر محی الدین گیلانی، انجینئر صدیق اللہ خان، انجینئرحیدر، انجینئر نوید رمضان، سمیت مختلف اداروں میں کام کرنے والے ا انجینئر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے انجینئر وسیم نزیر نے کہاہے کہ دولت اور سیاست کے عمل دخل کے نتیجے میں پی ای سی قابل اور مایہ ناز رہنماؤں کی قیادت سے محروم ہوتا جا رہا ہے ،جس کی وجہ سے معاشرے میں روز برو ز انجینئر کی عزت و احترام میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نجی اور سرکاری اداروں میں فار غ التحصیل انجینئرز کی کھپت اور مانگ کے صحیح تخمینہ کو نظر انداز کرنے کے نتیجے میں بے روزگاری عام ہو رہی ہے انشاء اللہ منتخب ہو کر ینگ انجینئر کے مسائل حل کرنے کے لئے بھرپور کوشش کرونگا۔



















