پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سرکاری نرخوں پر خریدو فروخت یقینی بنانے کا الٹی میٹم

حکومت پنجاب نے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کو اشیاء خوردونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے ٹاسک دیا ہے تاکہ شہریوں کو براہ راست ریلیف دیا جاسکے۔
اس سلسلے میں گزشتہ روز کمشنر ارشاد احمد نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سرکاری نرخوں پر خریدو فروخت یقینی بنانے کا الٹی میٹم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں سرکاری ریٹس کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کیا جائے۔
کمشنر ارشاد احمد کی صدارت میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے پرائس میکنزم پر بریفننگ دی، کمشنر ملتان ارشاد احمد نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں بھرپور پرائس کنٹرول مہم چلائیں، اب اعدادوشمار کے گورکھ دھندے کے بجائے عملی اقدامات نظر آنے چائیں۔
ارشاد احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب نے عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے نرخ کنٹرول کرنے کا ٹاسک دیا ہے، گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عادی گراں فروشںوں کو بھاری جرمانے کرکے گرفتار بھی کریں، اور منڈیوں میں طلب و رسد کے نظام پر خصوصی فوکس کیا جائے۔
عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ 41 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ضلع بھر میں مہنگائی روکنے کا ٹاسک دیا گیا ہے اس سلسلے میں کسی بھی کوتاہی پر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بعد ازاں اجلاس میں پرائس کنٹرول میکنزم پر تفصیلی بریفننگ بھی دی گئی۔



















