پرانی طرز کے اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف فیصلہ کن کریک ڈاؤن کی تیاریاں

زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے بھٹوں کو مسمار کر نے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد کی زیر صدارت بھٹوں کی زگ زیگ سسٹم پر منتقلی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قمرالزمان قیصرانی،اسسٹنٹ کمشنرز عدنان بدر، خواجہ عمیر محمود اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ظفر اقبال نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرانے طرز کے بھٹے فضا میں زہر گھول رہے ہیں۔ان بھٹوں کی وجہ سے سردیوں میں پورا ماحول سموگ کی لپیٹ میں آجاتا ہے،سموگ سے نہ صرف انسانی صحت متاثر ہوتی ہے بلکہ فصلوں پر بھی برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عدالت عالیہ پرانی طرز کے بھٹوں کو بند کرنے کے حوالے سے حکم دے چکی ہیں۔انتظامیہ عدالت کے فیصلے پر ہر صورت عمل درآمد کرائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں روایتی بھٹوں کے خلاف آپریشن لانچ کریں۔پرانی طرز کے بھٹے مسمار کر دئیے جائیں اور ان کے مالکان پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے بھٹوں کو کسی صورت نہیں چلنے دیا جائے گا۔تمام اسسٹنٹ کمشنرز ضلع میں قائم 492 سے زائد بھٹوں کی چھان بین کریں اور اس مقصد کے لئے خصوصی ایپلی کیشن سے بھی مدد لی جائے۔
ڈپٹی کمشنر کا حکومت کے تمام ترقیاتی منصوبوں کے لئے پرانی طرز کے بھٹوں سے اینٹیں نہ خریدنے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ قومی تعمیر کے تمام محکموں کے افسران کنٹریکٹرز کو صرف زگ زیگ سسٹم پر منتقل ہونے والے بھٹوں سے اینٹیں خریدنے کا پابند بنائیں۔



















