پنجاب کے سکولوں میں قران پڑھانے کافیصلہ ، الگ سے کلاس رومز تیار کئے جائیں گے

پنجاب بھر کے سکولوں میں ناظرہ قران پڑھانے کا فیصلہ، سکیم آ ف سٹیڈی جاری ، تمام پرائیویٹ اور سرکاری تعلیمی اداروں کو قرانی تعلیم کےلئے انتظامات کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیل کے مطابق پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بورڈ نے سکولوں میں ناظرہ قران پڑھانے کےلئے سکیم آف سٹڈی جاری کردی۔
اس سلسلے میں گزشتہ روز جاری کئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے فیصلے کے مطابق پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں میں کلاس ایک سے لیکر 5 تک قران کی تعلیم لازمی قرار دی گئی ہے، اس کو الگ مضمون کے طور پر پڑھایا جائے گا، اس لئے نئے تعلیم سال جو اگست میں شروع ہوگا، قرانی تعلیم دی جائے گی۔
جس کےلئے شیڈول دیا جارہا ہے جس کے مطابق قرانی قاعدہ اور آخری چار سورتوں کےلئے ہفتے میں تین پیریڈ ہوں گے ، کلاس دوم کےلئے سپارہ ایک سے دو کےلئے تین پیریڈ، کلاس تھری کےلئے سپارہ تین سے لیکر 8تک کےلئے تین پیریڈ چوتھی کلاس کےلئے سپارہ 9سے لیکر 18تک کےلئے چار پیریڈ ہفتے میں جبکہ کلاس 5 کےلئے سپار ہ 19 سے 30 پڑھایا جائے گاجس کےلئے ہفتے میں چار پیریڈ ہوں گے ، تمام سرکاری اور پرائیویٹ ادارے قرا ن کی تعلیم کےلئے الگ سے کلاس رومز تیار کرائیں۔
تمام ڈی سی اور ضلعی انتظامیہ ، سی ای اوز ایجوکیشن کی ذمے داری ہے کہ اس پلان پر کامیابی کے ساتھ عمل درآمد کرائیں ۔



















