پولیس افسروں کے اعزاز میں الوداعی تقریب

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سے تبدیل ہونے والے پولیس افسران محکمانہ امور پر پیشہ ورانہ دسترس رکھتے ہیں اپنی تعیناتی کے دوران ان افسران نے لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے کوشاں رہے ۔
یہ بات انہوں نے جنوبی پنجاب کے مختلف ریجن اور اضلاع سے تبدیل ہونے والے افسران کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
تقریب میں کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد، ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی ،ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم بھی شریک تھے ۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے کہا کہ پولیس افسران نے بہت سے بدنام زمانہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچاکر لوگوں کو ان جرائم پیشہ عناصر سے نجات دلائی۔
انہوں نے کہا کہ ان افسران کی بہترین حکمت عملی کی بدولت جنوبی پنجاب میں امن و امان کی صورتحال نمایاں طور پر بہتر رہی انہوں نے کہا کہ تبادلہ سرکاری ملازمت کا لازمی حصہ ہے ایک مقررہ مدت تک اپنے فرائض انجام دینے کے بعد افسر کو اپنی نئی منزل کی ذمہ داریاں سنبھالنا ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رانا فیصل نے بطور آر پی او ڈیرہ غازی خان اور محمد زبیر دریشک نے بطور آر پی او بہاولپور میں بہترین انداز میں پولیس فورس کی قیادت کی اور مختلف اہداف میں سرخرو ہوئے اسی طرح بطور ڈی پی او محمد علی وسیم ، عمر سعید ملک نے بھی اپنے ڈسٹرکٹ میں پولیس کی کمان کرتے ہوئے جرائم کی بیخ کنی کے لیے فعال کردار ادا کیا۔
انہوں نے افسران کے نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور افسران کو یادگاری شیلڈیں دیں۔



















