پیف نے نئے داخل ہونےوالے طلبا کے کارڈ تیار کرلئے

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ایجوکیشن وؤچر سکیم کے فیز 1سے 15 سے منسلک پارٹنرسکولوں کی جانب سے 23فروری تا 15مارچ2021کے دوران نئے داخل ہونے والے بچوں کے کارڈوں کی پرنٹنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے, اور ان کارڈوں کی تقسیم کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایم ڈی پیف کے احکامات پر زبیدالحسن کو ڈائریکٹر ایجوکیشن وؤچر سکیم کا ایڈیشنل چارج سونپا گیا ہے۔انہوں نے چارج سنبھالتے ہی ای وی ایس سکولوں میں نئے داخل ہونے والے بچوں میں کارڈوں کی تقسیم کے لیے شیڈول جاری کر دیا, اور ای وی ایس پیمنٹ ٹیم کو جلد از جلد پارٹنر سکولوں کے بقایا جات کی ادائیگیوں کے لیے فائلیں تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دیں تاکہ عید سے قبل ای وی ایس پارٹنرز کو نیو نومینیشن کے بقایا جات ادا کیے جا سکیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر ای وی ایس نے ای وی ایس پارٹنرز کی کئی ماہ سے رُکی پیمنٹس کا بھی جائزہ لیا اور افسران کو پارٹنر سکولوں کی ایک سال سے رُکی ہوئی پیمنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کو کہا تاکہ ایسے سکول جن کی پیمنٹس زیادہ عرصہ سے رُکی ہوئی ہیں انہیں ایس او پیز کے مطابق جلد از جلد حل کر کے پیمنٹس جاری کی جا سکیں۔



















