پیف پارٹنرز سکولوں کے لیے 71 لاکھ کتابوں کی تقسیم کا آغاز

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے پارٹنر سکولوں کے لیے مفت درسی کتابوں کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔
پیف کی جانب سے ایک ہزار سے زائد سکولوں کو 10 لاکھ سے زائد نصابی کتب تقسیم کی جا چکی ہیں۔یہ کتابیں پیف سے ملحقہ سات ہزار سے زائد سکولوں میں 26لاکھ سے زائد بچوں میں تقسیم کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق کتابوں کی تقسیم کا عمل 12 جولائی سے شروع کیا گیا تھا، اور پانچ سائیٹس نارووال، لودھراں، ساہیوال، چکوال اور حاصل پور کے ذریعے ایک ہزار سے زائد سکولوں کو 10لاکھ سے زائد درسی کتب تقسیم کی جا چکی ہیں ، جبکہ آج کے روز لاہور، بھکر، ڈی جی خان، جام پور، مظفر گڑھ، میلسی، تونسہ شریف، سرگودہا، ملتان،کہروڑ لال عیسن سائٹس پر درسی کتب کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نہ صرف پارٹنر سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کی ماہانہ فیس ادا کرتا ہے ، بلکہ ہر سال نئے تعلیمی سال کے آغاز پر تمام بچوں کو مفت درسی کتابوں کی فراہمی بھی پیف کی جانب سے کی جاتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس تعلیمی سال کے لیے پیف نے پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ سے تقریباََ ایک ارب روپے کی درسی کتب خریدی ہیں، جن کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ کتابوں کی تقسیم کے حوالے سے پیف کی ویب سائٹ پر سرکلر بھی اپلوڈ کر دیا گیا ہے۔


















