پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن نے ماضی میں کشمیری مہاجرین کو نظر انداز کیا:عاصم بٹ
ملتان میں کشمیری مہاجرین کے سب سے زیادہ ووٹ ہونے کے باوجودگزشتہ پچاس برسوں کے دوران اس خطے کو آزادکشمیر اسمبلی میں نمائندگی سے محروم رکھاگیا، ایل اے 42ویلی 3وہ حلقہ ہے جس کے ووٹر 28 اضلاع میں موجودہیں اور جن میں سب سے زیادہ 1500ووٹرزملتان میں ہیں۔
دوسرے نمبر پر جہلم ہے جہاں ووٹروں کی تعداد 1300 ہے۔ پچاس سال بعد یہ پہلا الیکشن ہے جس میں یہاں سے ملتان کانمائندہ منتخب ہوا، اوریہ سب وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک عامرڈوگرکی کوششوں کی بدولت ممکن ہوا کہ انہوں نے ملتان کے کشمیری مہاجرین کو ان کاحق دلوایا، وگرنہ اس نشست پرہمیشہ بالائی پنجاب سے کوئی رکن منتخب ہوتاتھا۔
ان خیالات کااظہارایل اے ویلی 3سے آزادکشمیر اسمبلی کے نومنتخب رکن عاصم شریف نے اے پی پی سے بات چیت کے دوران کیا۔عاصم شریف نے کہاکہ یہاں کے کشمیری مہاجرین کاسب سے بڑا مسئلہ سٹیٹ سبجیکٹ AJK(یعنی آزادکشمیر کاڈومیسائل)ہے۔میں یہ مسئلہ حل کروانے کی کوشش کروں گا۔جس کے نتیجے میں کشمیری مہاجرین ملازمتوں،داخلوں اوردیگرشعبوں میں پانچ فیصد کوٹہ حاصل کرسکیں گے۔عاصم شریف نے مزید کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن نے ماضی میں کشمیری مہاجرین کو نظراندازکیااس مرتبہ آزادکشمیر کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف پربھرپوراعتمادکیاہے اورہم اس اعتماد پرپورااتریں گے۔
انہوں نے کہاکہ دھاندلی کے الزامات بے بنیادہیں۔ہم الزام تراشی سے بالاترہوکرعوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔


















