پی آئی اے آفس کی بندش ،ہائی کورٹ نے حکام کو طلب کرلیا

لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کے جج مسٹر جسٹس مزمل اختر شبیر نے ڈی جی خان میں پی آئی اے کا آفس بند کرنے کے خلاف رٹ درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے آج 23 اپریل کو جواب طلب کر لیا ہے۔
قبل ازیں عدالت عالیہ میں پیٹشنر غلام حسین نے کونسل سید ریاض الحسن گیلانی کے ذریعے درخواست دائر کرتے ہوئے فیڈریشن آف پاکستان، سیکرٹری ایوی ایشن، چیئرمین پی آئی اے اور ایریا ڈسٹرکٹ مینیجر ڈی جی خان کو فریق بنایا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کی شق 148 کے تحت فیڈریشن کی ذمہ داری صوبے کے مفاد کے تحفظ کا خیال کرنا ہے، پی آئی اے کی سروس بند کرنے سے ڈی جی خان، سمیت بلوچستان تک ایک بڑی آبادی متاثر ہوگی، ڈی جی خان پی آئی اے سروس کے ذریعے ساڑھے چار لاکھ سے زائد افراد صرف سعودی عرب گئے، ڈی جی خان کی بڑی آبادی بیرون ممالک میں مقیم ہے جو پی آئی اے سروس کی سہولت سے مستفید ہوتی ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی 17 اپریل کو حکومت کو ڈی جی خان پی آئی اے آفس کلوز نہ کرنے کے حوالے سے لیٹر لکھ چکے ہیں، ڈی جی خان میں پی آئی اے کا آپریشن بند ہونے سے جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں میں اضافہ ہوگا، پی آئی اے کا ڈی جی خان میں آفس 24 اپریل کو بند کر دیا جائے گا، حکومت کو پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کا ڈیرہ غازی خان میں آفس بند کرنے سے روکا جائے۔


















