پی ای سی نے آئی ایم ایس کی ڈگری کی منظوری دے دی

انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ میٹیریلز، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی، ملتان کو پاکستان انجینئرنگ کونسل سے ڈگری کی منظوری دے دی گئی۔
واضح رہے کہ یہ ادارہ جنوبی پنجاب میں میٹلرجی اور میٹیریلز سائنسس میں ڈگری کروانے والا واحد ادارہ ہے، پاکستان انجینئرنگ کونسل کے اس اقدام سے نہ صرف ڈگری یافتہ انجینئرز بلکہ نۓ آنے والے طلباء کا مستقبل محفوظ ہو گیا ہے، منظور شدہ ڈگری کے حامل انجنئیرز اور سائنسدان قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی قابلیت و صلاحیت کا لوہا منوا سکیں گے، پاکستان انجینئرنگ کونسل نے انسٹیٹیوٹ آف ایڈوانسڈ میٹیریلز کے تعلیمی نظام کے ساتھ ساتھ لیبارٹریوں (تجزیہ و تجربہ گاہوں) کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق قرار دیا ہے۔

اس سلسلے میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی، ڈین آف فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر طاہر سلطان، ڈائریکٹر آف انسٹیٹیوٹ آف ایڈوانسڈ میٹیریلز پروفیسر ڈاکٹر وحید قمر خان، تمام سٹاف، فیکلٹی ممبران اور طلباء نے اہم کردار ادا کیا اور اپنی ملی جلی کاوش سے پاکستان انجینئرنگ کونسل سے ڈگری کی منظوری کو یقینی بنایا۔
پاکستان انجینئرنگ کونسل سے ڈگری کی منظوری ہونے سے ڈگری یافتہ انجینئرز کیلئے اعلیٰ تعلیم، قومی و بین الاقوامی سکالرشپ اور نوکریوں کے دروازے کھل چکے ہیں ، جس سے اب انسٹیٹیوٹ آف ایڈوانسڈ میٹیریلز سے ڈگری یافتہ طلباء ملک و قوم کی ترقی میں پیش پیش ہوں گے۔


















