چہلم حضرت امام حسین :سیکورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے

حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ نے 28 ستمبر چہلم حضرت امام حسین کے سلسلے میں سیکورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔
اس حوالے سے گزشتہ روز کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کے ہمراہ اندرون شہر میں پیدل چل کر روٹس کا دورہ کیا ، اور ترقیاتی کاموں کا معیار دیکھا۔ اس موقع پر سی پی او منیر مسعود مارتھ، منیجنگ ڈائریکٹر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخر الاسلام ڈوگر اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود بھی ہمراہ تھے۔
کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے سی پی او کے ہمراہ اندرون شہر میں محکموں کے ہمراہ پیدل مارچ کیا ، اس موقع پر میونسپل کارپوریشن،بواسا،ویسٹ منیجمنٹ کمپنی اور پولیس نے انتظامات پر بریفننگ بھی دی۔
کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد حقانی نے کہا کہ چہلم کے سلسلے میں سکیورٹی سمیت تمام انتظامات فول پروف کئے گئے ہیں اور محرم الحرام کی طرز پر روٹس پر ترقیاتی کام اور لائٹنگ کی جارہی ہے۔
ڈاکٹر ارشاد احمد کا کہنا تھا کہ عزاءداروں کی سہولیات کیلئے روٹس کو مکمل کلئیر کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ قیام امن کیلئے سکیورٹی اداروں سے مکمل رابطے میں ہے۔اندرون شہر میں تجاوزات کا خاتمہ کرکے روٹس پر تعمیراتی منصوبوں کو مکمل کرلیا گیا ہے۔عامر کریم خاں نے کہا کہ امن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے اراکین قیام امن کیلئے پرعزم ہیں ضلع میں امن و امان کی صورتحال مثالی رکھی جائے گی۔اس موقع پر سی پی او منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ چہلم کے سلسلے میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے اور روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے براہ راست مانیٹرنگ کی جائے گی۔بعد ازاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے تاجروں سے بھی ملاقات کی اور انکے مسائل دریافت کئے۔


















