ڈی ایف اے کے ہاتھوں انٹرنیشنل فٹبالرز کو شکست

سابق انٹر نیشنل فٹبالرز اور ڈی ایف اے ملتان کے عہدیداران کے درمیان ایک نمائشی فٹبال میچ گذشتہ شب قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیدیم کی جگمگاتی روشنیوں میں کھیلا گیا ۔
کھیل کے اختتام تک انٹرنیشنل فٹبالرز کو چار گول کی سبقت حاصل تھی، جسے ڈی ایف اے کے آفشنلز نے چیلنج کردیا۔
انہوں نے موقف اختیار کیا کہ مخالف ٹیم نے سابق کی بجائے موجودہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو ٹیم میں کھیلایا، جس پر ٹیکنیکل کمیٹی نے انٹرنیشنل فٹبالرز کی برتری کو ختم کرکے پینلٹی ککس پر فیصلے کا اعلان کیا، پینلٹی ککس پر ڈی ایف اے ملتان نے یہ چار کے مقابلے میں پانچ گول سے جیت لیا۔
فاتح ٹیم کی جانب سے میاں جاوید قریشی،شفقت رحمن،رانا مشتاق،آصف لاہوری، شیخ مقیم احمد، وحیدالحسن جبکہ مدمقابل کی جانب سے عارف محمود،افضل نیازی،سعید قریشی،نوید اکرم نے گول کئے۔
تماشائیوں کی جانب سے فاتح ٹیم کی زبردست پزیرائی کی گئی ، پھولوں کے ہار پہنائے اور بھنگڑے ڈالے گئے۔
ریفریز سجاد احمد،تنویر احمد،ابراہیم نے میچ سپر وائز کیا مہمان خصوصی تاجر راہنما میاں فرید قریشی تھے۔
ٹورنامنٹ میں ایک دن آرام کے بعد آج شب دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ رات آٹھ بجے ہما اسلام آباد اور سوئی سدرن کراچی دوسرا پاکستان ائیر فورس اور سول ایوی ایشن کے درمیان ہوگا۔



















