کامیڈی کنگ عمر شریف انتقال کرگئے، وزیر اعظم اور صدر مملکت کا اظہار افسوس

سٹیج کے بے تاج بادشاہ کامیڈی کنگ عمر شریف انتقال کرگئے، وہ علاج کے لئے امریکا روانہ ہوئے تھے، طبیعت خراب ہونے پر عمر شریف کو جرمنی کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ایشئین کامیڈین لیجنڈ اور دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنے والے پاکستانی فنکار عمر شریف اپنے کروڑوں مداحوں کو اداس چھوڑ کر جہان فانی سے کوچ کرگئے، انہوں نے 66 برس کی عمر پائی۔
انہیں گزشتہ دنوں علاج کی غرض سے امریکہ لے جایا جارہا تھا کہ راستے میں طبیعت کی خرابی کے باعث انہیں جرمنی کے ایک اسپتال میں داخل کرنا پڑا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے ۔
دریں اثنا صدرمملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کامیڈی کنگ عمرشریف کےانتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا فن کے شعبے میں عمرشریف کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم خان نے کامیڈی کنگ عمرشریف کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور عمرشریف کے لیے مغفرت کی دعا کی۔
عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ عمرشریف بے شمار صلاحیتوں کےمالک اورفنون لطیفہ کی دنیامیں منفردمقام رکھتےتھے، فن کے شعبے میں عمرشریف کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
صدرمملکت عارف علوی نے عمرشریف کےانتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا عمرشریف منفردحس مزاح کےمالک تھے ، اللہ مرحوم کوغریق رحمت کرے، اہلخانہ کوصبرعطافرمائے۔
اس حوالے سے ملک کے نامور فنکاروں نے عمر شریف کی رحلت پر اپنے انتہائی رنج اور غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی اظہار تعزیت کیا ہے اور ان کی مغفرت کیلیے دعا کی ۔
عمر شریف کے قریبی ساتھی شکیل صدیقی (تیلی) نے کہا کہ عمر شریف میرے استاد تھے میں نے ان کے ساتھ 20سال ساتھ کام کیا، میں ان کے ساتھ بچوں کی طرح رہا ہوں، عمر شریف کے انتقال کی خبر سن کر بہت رنجیدہ ہوں۔
معروف اداکار فیصل قریشی نے کہا کہ عمر شریف کے ساتھ بہت سی یادیں وابستہ ہیں، ان کے انتقال کا سن کرافسوس ہوا، عمر شریف کے چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ رہتی تھی۔
اداکار سہیل احمد کا کہنا تھا کہ عمرشریف کا بچھڑنا ہمارے ملک کا بڑا نقصان ہے، عمرشریف کا دنیا میں بڑا نام تھا، بہت پیارے انسان تھے، انہوں نے ہم سب کو ہمیشہ ہنسایا لیکن جاتے ہوئے رلا دیا۔
اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ عمرشریف میرے پرانے ساتھی تھےعمرشریف جیسا فنکار صدیوں میں پیدا ہوتا ہے، ان کو دنیا کے ہر کونے میں لوگ جانتے تھے، دنیا کو ہنسانے والا آج ہمیں رلا گیا۔
اداکار بہروزسبزواری کا کہنا تھا کہ عمرشریف سے ہمارا ساتھ 45برس سے بھی زائد تھاعمرشریف ہمیشہ ہنستے مسکراتے ملتے تھے، عمر شریف ہمیشہ غریبوں کا اور خصوصاً اپنے ساتھی فنکاروں کا بہت خیال رکھتے تھے۔
اسماعیل تارا کا کہنا تھا کہ عمر شریف اسٹیج کا بادشاہ تھا اور بادشاہ ہی رہے گا، ان کی جگہ کوئی اور نہیں لے سکتا، عمرشریف نے اپنی ہر ذمہ داری احسن طریقے سے بخوبی نبھائی۔
اسماعیل تارا نے کہا کہ انہوں نے ہمیں سکھایا کہ کامیڈی کیا ہوتی ہے، عمر شریف سے لوگ محبت کرتے تھے یہ ان کیلئے سب سے بڑا ایوارڈ تھا۔ عمرشریف لوگوں کو ہنساتے ہنساتے خود بیمار ہوگیا۔



















