کرپٹ ملازمین کی میپکو میں جگہ نہیں : ایس ای ملتان

میپکو ملتان سرکل کے نئے سربراہ ایڈیشنل چیف انجینئر خالد محمود نے تمام ایکسین وایس ڈی اوز کو حکم جاری کیا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے اور سرعت کے ساتھ کارروائیاں کی جائیں۔
ایکسین اور ایس ڈی اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے ساتھ کسی بھی صورت میں کمپرومائز نہ کیاجائے۔تمام ایس ڈی اوز روزانہ کی بنیاد پر بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کو یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ 100فیصد ریکوری ضروری ہے‘ریکوری کے لئے بھی تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور خصوصاً ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ریکوری کے لئے موثر لائحہ عمل طے کیاجائے۔
انہو ں نے کہا کہ اووربلنگ کسی بھی صورت میں
برداشت نہیں کی جائے گی۔ صارفین کو ہر صورت میں درست بلنگ کی جائے۔ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئیے۔اووربلنگ کے ذریعے صارفین کو پریشان کرنے والے افسروں و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام اقدامات میرٹ اور رولز کے مطابق کئے جائیں اور اس سلسلے میں کوئی کام پالیسی سے ہٹ کر نہ کیاجائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کو بہترین سروسز کی فراہمی مشن ہے جن کے لئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں گی‘ تمام افسر و اہلکار خو ف خدا کو مد نظر رکھ کر فرائض سرانجام دیں خصو صاً غریب صارفین کا خاص خیال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ ملازمین کا احتساب اور فرض شناس ملازمین کی حوصلہ افزائی کی جائےگی‘ کرپشن پر کوئی کمپرومائزنہیں ہوگا‘ بے ضابطگیوں پر کارروائی ہوگی۔



















