کسی قسم کی بدامنی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا:ڈپٹی کمشنر

ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد نے کہا کہ تمام مسالک کے علماء کرام، لائسنس داران اور سول سوسائٹی نے 9 محرم الحرام پر مثالی تعاون اور مذہبی روادی کا عملی مظاہرہ کیا، جس کے باعث ضلع میں امن و امان کی صورتحال مثالی رہی۔
انہوں نے کہا کہ 10 محرام الحرام پر اسی حکمت عملی کے تحت سکیورٹی ریڈ الرٹ رکھی جائے گی، اور کسی قسم کی بدامنی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ممتاز آباد ماتمی جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود اور ایس ایس پی آپریشنز میڈم شائستہ بھی انکے ہمراہ تھیں۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزادنے ممتاز آباد جلوس کے دوران منتظمین سے بھی ملاقات کی اور انکے انتظامیہ سے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر اولیاء کی فضاء صدیوں سے امن کا پرچار کرتی آئی ہے اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے 10محرم الحرام کے موقع پر مذہبی رواداری اور بھائی چارے کو قائم رکھا جائے گا۔
علی شہزاد نے کہا کہ تمام ماتمی جلوسوں اور مجالس کو وقت مقررہ پر اختتام پذیر کیا جائے گا تاکہ سیکورٹی پلان کی خلاف ورزی نہ ہو۔
علی شہزاد نے اس موقع پر پولیس افسران و جوانوں اور ضلعی محکموں کے ڈیوٹی پر موجود افسران کی بھی حوصلہ افزائی کی اور انتظامات پر اظہار اطمینان کیا۔



















