Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں: وزیر خارجہ

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔ کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کرنے والے، مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کو درپیش مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
ہم نے حال ہی میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ظلم و ستم اور جنگی جرائم کے ناقابل تردید شواہد پر مبنی” ڈوزیر ” دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ہمارے اقدامات کی بدولت کشمیر ایک خطہ کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ بن چکا ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔
مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ رکوانے اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج کے استبداد سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گزشتہ روزاین اے 156کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران استقبالیہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہو ں نے کہا افغانستان میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم سمجھتے ہیں افغانستان میں امن ہوگا تو خطہ میں امن ہوگا۔ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے ہماری کاوشیں دنیا دیکھ رہی ہے۔
پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کورونا وبا نے دنیا کی طاقتور معیشتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے،ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے، معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے، اقتصادی تعاون کا فروغ اور علاقائی روابط میں اضافہ،ہماری اولین ترجیح ہے‘خطے میں دیرپا اور مستقل قیام امن کیلئے عالمی برادری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا پاکستانی معیشت حوصلہ افزاء معاشی اعشاریوں کے ساتھ درست راستے پر گامزن ہے۔ پاکستانی قوم دہشتگردی اور کورونا وائرس جیسے بڑے چیلنجز پر قابو پانے کے بعد مضبوط قوم کے طور پر ابھری ہے۔
پاکستان دنیا میں ایک خوشحال ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔درآمدات اور زرعی شعبہ میں نمایاں ترقی ہو رہی ہے۔ حکومت کی موثر پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی پائیدار ترقی عوامی مفاد میں جاری رہے گی۔
پاکستان اپنی ترقی پسند پالیسیوں کی بدولت دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔انہوں نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
میری خصوصی ہدایات پر، دنیا بھر میں ہمارے سفارت خانے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے کوشاں ہیں۔میں نے ہدایت کی ہے بیرون ممالک میں موجود سفارتی میشنز وہاں موجود پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button