Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

کنٹریکٹرز کی تذلیل برداشت نہیں، افسر ارکان اسمبلی کے ساتھ ملکر ٹھیکے لے رہے ہیں:کرامت شیخ

کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن ملتان کے سرپرست اعلی کرامت علی شیخ، راؤ تیمور، محمد الیاس رحمانی، شیخ بلال نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والی بزنس کمیونٹی گورنمنٹ کنٹریکٹرز کا معاشی استحصال کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور نہ ہی اراکین اسمبلی کی آشیرباد سے انجینئرنگ برانچ انتظامیہ کی پارٹنر شپ کرکے کنٹریکٹ لینے کو قبول کریں گے۔
کنٹریکٹرز کو واجبات کی ادائیگیوں کے مطالبے پر دھمکیاں بند کی جائیں، کروڑوں روپے کی ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے ملتان شہر کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے، لیکن کنٹریکٹرز کی بارہا شکایات کے باوجود نوٹس نہ لیا جانا انتظامی افسران کی ملتان کی عوام کے ساتھ دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
کرامت علی شیخ نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں کنٹریکٹرز کو معاشرے میں عزت کی نگاہ سے دیکھاجاتا ہے، لیکن یہاں کنٹریکٹرز کی تذلیل کی جاتی ہے۔
سب سے زیادہ اندھیر نگری انجینئرنگ برانچ کے افسران نے مچا رکھی ہے، جو اراکین اسمبلی کے ساتھ مل کر کنٹریکٹرزکو بائی پاس کرکے خود کنٹریکٹ لے رہے ہیں اور سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا چونا لگا رہے ہیں ۔
گذشتہ تین سالوں کے دوران اراکین اسمبلی کی آشیر باد سے انجینئرنگ برانچ لوٹ مار میں مصروف ہے، جن کی داستانیں اینٹی کرپشن ، نیب میں زبان زدعام ہیں لیکن ان کے کیسز انٹی کرپشن اور نیب میں ہونے کے باوجود کوئی کاروائی کرنے کو تیار ہی نہیں ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ انجینئرنگ برانچ افسران نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے خلاف چیف سیکریٹری ، کمشنر ملتان ریجن اور اراکین پارلیمنٹ کسی صورت کاروائی نہیں کرسکتے کیونکہ وہ انہیں ماہانہ تگڑی منتھلی دیتے ہیں، اور راضی کرتے ہیں۔
لیکن افسوس کہ کنٹریکٹرز کو واجبات کی ادائیگیوں کے مطالبے پر کمیشن کی شکل میں حصہ مانگا جاتا ہے اور نہ دینے کی صورت میں ا نہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر ملتان پے منٹ نہ ہونے کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے سڑکیں ، گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، سیوریج نظام تباہ حالی کا شکار ہے ترقیاتی منصوبے متاثر ہوچکے ہیں۔
شہری کام نہ ہونے پر واویلہ کر رہے ہیں ترقیاتی کام بروقت نہ کئے جانے کی ذمہ دار ملتان انتظامیہ ، انجینئرنگ برانچ ہے اگر کنٹریکٹرز کو جلد از جلد واجبات نہ دیئے گئے اور انجینئرنگ برانچ انتظامیہ کا رویہ نہ بدلہ تو کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن ملتان انتظامیہ، انجینئرنگ برانچ افسران کے خلاف احتجاجی تحریک سے گریزنہیں کرے گی ، اسی لئے متعلقہ افسران ہوش کے ناخن لیں بصورت دیگر ہم راست اقدام پر مجبور ہوجائیں گے ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button