کوئٹہ میں خودکش دھماکہ:چار سیکورٹی اہلکار شہید

کوئٹہ میں مستونگ روڈ پر ہونے والے خود کش دھماکے میں 4 سکیورٹی اہلکار شہید اور 19 افراد زخمی ہوگئے۔
موٹرسائیکل سوار دہشت گرد نے مستونگ روڈ پر چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، جس میں 4 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ اور شیخ زاید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے حادثہ پر موجود ہیں اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے مستونگ روڈ پر ایف سی چیک پوسٹ پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ کوئٹہ کے مستونگ روڈ پر ایف سی کی چیک پوسٹ پر کالعدم ٹی ٹی پی کے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں،عمران خان کا کہنا تھا کہ بیرونی قوتوں کی ایماء پر بننے والے دہشت گردی کے منصوبے خاک میں ملا کر ہمیں محفوظ بنانے والے محافظوں اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔



















