کورونا ویکسین نہ لگانےوالے ملتانیوں پر زندگی تنگ کرنے کافیصلہ

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر 3 ستمبر کے بعد کورونا ویکسی نیشن نہ لگوانے والے شہریوں کو سرکاری و نجی دفاتر اور کمرشل مقامات پر کسی قسم کی سروس فراہم نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز اس وقت کورونا جیسی خطرناک وباء کی لیپٹ میں ہے.کورونا وائرس کی تیسری لہر نے اس خطے کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لیا ہے جس میں ڈسٹرکٹ ملتان بھی شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے شہر بھر میں اس حوالے سے آگاہی بینر لگانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر حکومت پنجاب نے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ویکسی نیشن کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے تاہم ابھی ڈسٹرکٹ ملتان کی40 فی صد آبادی ہی ویکسین سے مستفید ہوپائی ہے۔
تمام شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ جلد از جلد کورونا کی حفاظتی ویکسی نیشن کرائیں تاکہ ہم سب ملکر اس وبائی صورت حال سے نکل سکیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت نے ویکسی نیشن نہ لگوانے والے شہریوں کیلئے نو ویکسی نیشن نو سروس کا فیصلہ کیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے ملتان کے مخلتف علاقوں میں 22 ویکسی نیشن سنٹرز قائم کئے ہیں جہاں ہر شہری فوری اپنی ویکسی نیشن کراسکتے ہیں۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ محکمہ صحت کی تقریباً 250 موبائل ٹیمیں بھی یہ سروس لوگوں کو فراہم کررہی ہیں۔ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے بھرپور آگاہی مھم بھی چلارہی ہے۔



















