کپاس کی امدادی قیمت بارے مشاورتی عمل مکمل،ڈاکٹر محمد علی تالپور
کپاس کی امدادی قیمت بارے مشاورتی عمل مکمل،سمری جلد ہی ای سی سی اجلاس میں پیش کر دی جائے گی

کپاس کے کاشتکاروں کو کپاس کی امدادی قیمت دینے سے متعلق مشاورتی عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور امدادی قیمت سے متعلق تیار کردہ سمری کوجلد ہی ای سی سی اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا۔
یہ بات وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے اکنامک کنسلٹنٹ اور نائب صدر پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی ڈاکٹر محمد علی تالپور کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہی گئی۔
ڈاکٹر علی تالپور کا مزید کا کہنا تھا کہ ملک میں اس سال گنا،چاول اور مکئی کی ریکارڈ پیداور حاصل ہوئی ہے اور اسی طرح اب وفاقی حکومت کی پوری توجہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ پر مرکوز ہے اور اس سلسلے میں چند روز پہلے وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام کی جانب سے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے اعلی آفیسران کو کپاس کی امدادی قیمت مقرر کرنے کے لئے سمری کی تیاری کا حکم دے دیا گیا تھا جس پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے مشاورتی عمل کے ساتھ سمری تیار کر لی گئی ہے جو بہت جلد آئندہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کر دی جائے گی۔
ڈاکٹر علی تالپور کا کہنا تھا کہ رواں سال گزشتہ برس کی نسبت کپاس کی پیداوار میں بہتری اور اس میں اضافہ متوقع ہے اور اس وقت تک چاروں صوبوں میں کپاس کی کاشت کے حوالے سے مثبت اشاریے مل رہے ہیں اور ہم 10.5 ملین کپاس کی گانٹھوں کا پیداو۱ری حدف حاصل پوری کوشش کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے چاروں صوبوں پہلے ہی10ارب روپے کپاس کے کاشتکاروں کو سبسڈی کی مد میں دیئے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کپاس کے کاشتکاروں کو چاہئیے کہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں سبسڈی سے متعلق طریقہ کار کے تحت اپنی جلد سے جلد رجسٹریشن مکمل کر لیں تاکہ کپاس کے کاشتکاروں کو وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سبسڈی کی رقم ٹھیک سے مل سکے اور ان کی پیداواری لاگت میں کمی آئے۔



















