کپاس کی اچھی پیداوار کے حصول کے لئے کاشتکاروں تک جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی وقت کی اہم ضرورت ہے؛ ڈاکٹر زاہد محمود

کپاس کی اچھی پیداوار کے حصول کے لئے کاشتکاروں تک جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور زرعی ماہرین کی سفارشات پر عمل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے یہ بات ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد محمود نے ادارہ ہذا میں منعقد ہونے والے بی سی آئی پروجیکٹ کے تحت ایک روزہ تربیتی پروگرام کے تحت ضلع ملتان سے تعلق رکھنے والے50سے زائد کپاس کے تربیتی لیڈ کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کپاس کی پائیدار پیداوار کے پروگرام کی جانب پیش قدمی کا مقصد کاشتکاروں کے لئے کپاس کوکم خرچ اور آسان کاشت بنانے کے علاوہ ماحول دوست بنانا بھی ہے۔
تربیتی پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان نے ادارہ ہذا کے اغراض و مقاصد اور کپاس کے میدان میں مستقبل کے چیلنجز سے نپٹنے کے لئے ادارہ کی کاوشوں کا تفصیل سے ذکر کیا انہوں نے کہا کہ کپاس کی اچھی پیداور کے حصول کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور اس کی منتقلی ناگزیر ہے۔
ڈاکٹر زاہد محمود کا کہناتھا کہ ہمیں اپنی کپاس کو آلودگی سےپاک رکھنے کے لئے حکومت کی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا جس سے نہ صرف انہیں اچھے ریٹ مل سکیں گے بلکہ عالمی منڈی میں پاکستانی روئی کا معیار بھی بلند ہوگا اور اس کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوگا۔
اس کے علاوہ انہوں نے تربیتی شرکاء کو کپاس کی بیماریاں،کیڑے مکوڑوں کا انسداد، کپاس کی اقسام کے چناؤ کا طریقہ کار، کپاس کی فائبر خصوصیات بارے تفصیل سے روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر زاہد محمود نے کہا کہ ہمارا مقصد کپاس کے کاشتکاروں کو ایسی اقسام مہیا کرنا ہیں جن کی پیداواری صلاحیت بہتر،ریشہ لمبا اور کن زیادہ ہو اور اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھ کر کپاس کی ایسی اقسام تیار کرنا ہیں جو کم پانی اور زیادہ درجہ حرارت میں اچھی پیداوار دے سکیں۔



















