کپاس کی نگہداشت میں غفلت، تین افسروں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کپاس کی نگہداشت کے سلسلہ میں جاری سرگرمیوں میں کوتاہی برتنے پر محکمہ زراعت توسیع ملتان کے ڈپٹی ڈائریکٹر شیخ یوسف الرحمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فلک شیر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شجاع آباد لیاقت علی گوندل کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے۔
ملتان میں گلابی سنڈی اور دیگر ضرر رساں کیڑوں کا حملہ کاٹن ایڈوائزری بروقت کاشتکاروں تک نہ پہنچانے کی وجہ سے بڑھ رہا ہے۔ کپاس انتہائی اہم مرحلہ سے گزر رہی ہے اس موقع پر تھوڑی سی لاپرواہی بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں کپاس کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری آصف رضا، ڈائریکٹر ز ملک نجم الحسن، شہزاد صابر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت انفارمیشن عبدالصمد سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت توسیع وپیسٹ وارننگ کے فیلڈ افسران اپنا عارضی ٹور پروگرام متعلقہ مانیٹرنگ آفیسرز سے شیئر کریں۔ مانیٹرنگ افسران کی رپورٹ کی بنیاد پر ہی اے سی آر لکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے اصول پر عمل پیرا ہے، اور اس کاروبار کی بیخ کنی کیلئے تمام ممکنہ کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ سفید مکھی،تھرپس اورچست تیلہ کے ہاٹ سپاٹس کو اپنی نگرانی میں ٹریٹ کروایا جائے اور اس کے بعد مکمل فالواپ دیا جائے۔




















