کپاس کے بیج کو کاشت سے پہلے زہرلگالیں،سائنسدانوں کا مشورہ

کپاس کے کاشتکار کاشت سے پہلے بیج کو زہر ضرور لگائیں تا کہ فصل کیڑوں کے حملوں سے محفوظ رہے۔
یہ بات سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ،ملتان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد محمود نے کاشتکاروں کو اپنے اہم پیغام میں کہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بجائی سے پہلے کپاس کے رس چوسنے والے نقصان دہ کیڑوں کے خلاف سفارش کردہ زہریں اور ان کی سفارش کردہ مقدار بیج کو لگائیں۔
کاشتکار اچھے نتائج کے لئے وہ زہریں استعمال کریں ،جو بیج کو چمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہوں، تاکہ زہر بیج سے علیحدہ نہ ہو اور بیج سے نکلنے والی جڑیں زہر کو با ٓسانی جذب کر سکیں۔
ڈاکٹر زاہد محمود کا کہنا تھا کہ کاشتکار بیج کو امیڈا کلوپرڈ+ٹیبوکونا زول37.25FSبحساب10ملی لیٹر فی کلوگرام بیج استعمال کریں اور یاپھر کرم کش امیڈا کلوپرڈ10گرام فی کلو گرام بیج یا تھائیو میتھاکسم بحساب3گرام فی کلوگرام بیج کو زہر لگائیں۔
ڈاکٹر زاہد محمود نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ بیج کو زہر لگانے سے فصل رس چوسنے والے کیڑوں مثلا چست تیلا،تھرپس اور سفید مکھی کے حملے سے تقریبا ایک ماہ تک محفوظ رہتی ہے۔ اس کے علاوہ فصل کی بڑھوتری تیزی سے ہوگی اور پودے ابتدا ہی سے تندرست وتوانا ہوں گے اور تندرست فصل میں موذی مرض پتہ مروڑ بیماری کے خلاف قوت برداشت میں بھی اضافہ ہوگا۔


















