14ویں راولپنڈی شطرنج چیمپئن شپ مکمل

شطرنج ایسوسی ایشن پنجاب (CAP) کے تعاون سے راولپنڈی شطرنج ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 14ویں راولپنڈی شطرنج چیمپئن شپ مکمل ہوگئی، جس میں 85 کھلاڑیوں نے مختلف علاقوں سے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی مسعود بخاری، سینئر نائب صدر شطرنج ایسوسی ایشن پنجاب اور ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور صدر ملتان شطرنج ایسوسی ایشن تھے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا شطرنج ایسوسی ایشن پنجاب صوبے بھر میں نہایت مثبت اور ترقی پسند کردار ادا کر رہی ہے۔ ہماری متحرک قیادت کے تحت ہم صرف ٹورنامنٹس نہیں کروا رہے، بلکہ شطرنج کے لیے ایک پائیدار نظام قائم کر رہے ہیں۔ معیاری مقابلوں کا انعقاد، کارپوریٹ سیکٹر کی شمولیت، اور تعلیم میں شطرنج کے فروغ کے اقدامات نئی نسل کو حکمت اور سوچ کی نئی راہیں دکھا رہے ہیں۔
مقابلے میں مختلف کیٹیگریز میں سخت مقابلے دیکھنے کو ملے۔ اوپن کیٹیگری میں نیشنل ماسٹر (NM) انیس الرحمٰن زیدی نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سلمان علی خان دوسرے نمبر پر رہے۔
انڈر 13 کیٹیگری میں موسیٰ رضوان نے پہلی اور میکائل شعیب نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔ خواتین کے مقابلے میں سارہ نور خالد فاتح رہیں جبکہ اقرا ناز رنر اپ رہیں۔
ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر توحید شمس عباسی نے بھی شرکت کی اور منتظمین کی محنت کو سراہا، خصوصاً راجہ گوہر اقبال کے کردار کو شطرنج کی ملک گیر بحالی اور ترقی میں اہم قرار دیا۔
یہ چیمپئن شپ شطرنج ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب کے چیئرمین ڈاکٹر نعیم رؤف کی وژنری قیادت کا ثمر ہے جن کی رہنمائی نے پنجاب میں شطرنج ایونٹس کے معیار کو بلند کر کے پاکستان بھر میں نئے معیار قائم کیے ہیں۔
پنجاب کے سیکرٹری جنرل نے اپنے اہداف بیان کرتے ہوئے کہا ہمارا مقصد شطرنج کو پنجاب اور پورے ملک کی نچلی سطح تک فروغ دینا ہے۔ ہم اپنے ’چیس اِن ایجوکیشن‘ پروگرام پر انتھک محنت کر رہے ہیں اور اس ضمن میں ہم وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل کھوکھر اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی غیر متزلزل حمایت کے شکر گزار ہیں۔ ان کی معاونت کھیل کو ادارہ جاتی سطح تک پہنچانے کے لیے نہایت اہم ہے۔
شطرنج ایسوسی ایشن پنجاب صوبہ پنجاب میں شطرنج کی سرپرست و نگران تنظیم ہے جو اس کھیل کے فروغ، ترقی اور مقبولیت کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ CAP نہ صرف ٹورنامنٹس کا انعقاد کرتی ہے بلکہ کھلاڑیوں اور ریفریز کی تربیت اور تعلیم میں شطرنج کے انضمام کے لیے بھی کام کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں میں فکری نشوونما اور حکمتِ عملی کی صلاحیتیں پروان چڑھ سکیں۔




















