پی سی سی سی فارمرز ایڈوائزری اجلاس : کپاس کے کاشتکاروں کے لئے31 دسمبر تک کی سفارشات جاری
سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کی فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا اٹھارہواں اجلاس منعقد ہوا ،جس کی صدارت ڈائریکٹر سی سی آر ملتان ڈاکٹر زاہدمحمودنے کی۔اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے زرعی ماہرین نے بھرپور شرکت کی ۔
اجلاس میں ملکی سطح پر کپاس کی مجموعی صورتحال اور کپاس کی غیر موسمی دیکھ بھال کا جائزہ پیش کیا گیا ، اور کپاس کے کاشتکاروں کے لئے 31دسمبر تک کی سفارشات پیش کی گئیں۔
اجلاس میں بتایا گیاکہ کپاس کے کاشتکار بیج کے لئے رکھی گئی کپاس کی جننگ جلد از جلد مکمل کرلیں، اور جننگ کے بعد بیج کو اچھی طرح دھوپ لگوا کر اسے خشک کرکے ذخیرہ کرلیں۔
بیج کو ذخیرہ کرنے سے پہلے ا س کا اگاؤ معلوم کریں اور 75% اگاؤ والا بیج ہی ذخیرہ کریں۔ سٹور میں رکھے گئے بیج میں نمی کا تناسب 8% ہونا ضروری ہے۔
کپاس کے کاشتکار بیج کو سوتی یا پٹ سن کی بوریوں میں ذخیرہ کریں۔کپاس کے بیج کی سٹوریج والی جگہوں پر چوہوں کے تدارک کے لئے پنجروں کا استعمال کیا جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کپا س کے بعد گندم کاشت کرنے والے کاشتکار زنک سلفیٹ کھاد کا استعمال لازمی کریں۔متوازن کھادوں کے استعمال سے گندم کی فصل بھرپور ہوگی ،اور زمین کی زرخیزی بحال رہے گی جس سے آنے والی کپاس کی فصل پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوںگے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کاشتکار کپاس کی چھڑیوں کے ڈھیروں کو ہفتہ میں ایک آدھ بار الٹ پلٹ کریں اور ڈھیرکے نیچے کچرے کو ٹھکانے لگائیں۔
جہاں کپاس کی چھڑیوں کے ڈھیر موجود ہوں وہاں گلابی سنڈی کے کنٹرول کے لئے ایک عدد جنسی پھندہ لگائیں ۔جننگ فیکٹریوں میں موجود متاثرہ ٹینڈے،بیج اور کچرے کو تلف کریں۔
گلابی سنڈی کے کنٹرول کے لئے جننگ فیکٹری میں موجود ڈھیروں کے پاس بھی 1-2 جنسی پھندے ضرور لگائیں۔
آخر میں ڈائریکٹر سی سی آر آئی ڈاکٹر زاہد محمود نے اجلا س کے شرکاءکو کپاس کی کاشت ونگہداشت سے متعلق کاٹن کیلنڈر کی تیاری بارے بھی ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں سی سی آر آئی ملتان کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان ڈاکٹر محمد نوید افضل ،ڈاکٹر محمد ادریس خان ، ڈاکٹر فیاض احمد،مس صباحت حسین، ساجد محمود اورڈاکٹر رابعہ سعید نے شرکت کی۔