نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیو زی لینڈ کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ نیو زی لینڈ کی ٹیم آئندہ ماہ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دوران مہمان ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز اورپانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔سیریز میں شامل تمام پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، جو 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
جہاں سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں رسائی کے لیے اہم ہوں گے تو وہیں پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بھی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوں گے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال پاکستان آئے گی ۔
نیوزی لینڈ وہ پہلی ٹیم ہوگی جو پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ کے لیےترتیب دیئے گئے بمپر کرکٹ سیزن 22-2021 میں شرکت کے لیے پاکستان کاد ورہ کرے گی۔ نیوز ی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کراچی پہنچے گی۔آسٹریلیا کو بھی آئندہ سال فرور ی/مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے
سپر لیگ میں پاکستان 9 میچز کے بعد 40 پوائنٹس حاصل کرچکا ہے جبکہ نیوزی لینڈتین میچز کھیل کر 30 پوائنٹس حاصل کرچکا ہے۔ لیگ میں شامل سات سر فہرست ٹیمیں اور میزبان بھارت کی ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں براہ راست رسائی حاصل کرلے گی۔
نیوزی لینڈ نے اس سے قبل نومبر 2003 میں آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے تھے۔ 2003 کے بعد پاکستان اب تک تین مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کرچکا ہے تاہم یہ تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے۔
سیریزکا شیڈول:
11ستمبر: اسلام آبا د آمد
12تا14 ستمبر:روم آئسولیشن
15تا16ستمبر: ٹریننگ/ پریکٹس/ انٹرا اسکواڈ میچ
17ستمبر: پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ، راولپنڈی
19 ستمبر: دوسرا یک روزہ بین الاقوامی میچ، راولپنڈی
21 ستمبر: تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ، راولپنڈی
25 ستمبر: پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور
26ستمبر: دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور
29ستمبر: تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور
یکم اکتوبر:چوتھا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور
3اکتوبر: پانچواں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور




















