37 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ہے : کرامت شیخ

پاک سرزمین پارٹی کے ممبر نیشنل کونسل و صدر جنوبی پنجاب کرامت علی شیخ ودیگر رہنماؤں نے ایک بار پھر 37 ادو یات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام دشمنی قرار دیا ہے، اور کہا ہے کہ بائیس کروڑ غریب عوام پہلے ہی گذشتہ تین سالوں کے دور ان مہنگائی، یوٹیلیٹی بلز، آٹا،گھی، چینی کی قیمتوں میں ہوشربااضافے کی وجہ سے شدید پریشانی سے دوچار ہیں ، رہی سہی کسر بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے پوری کردی ہے۔
اب آئے روز بیمار مریضوں سے سستی علاج معالجے کی سہولت بھی چھینی جارہی ہے ایک طرف سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی عدم فراہمی کے باعث غریب مریض میڈیکل سٹوروں سے مہنگے داموں ادویات خریدنے پر مجبور ہیں، تو دوسری طرف ادویات کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ بالخصوص غریب مریض شہریوں سے علاج معالجے کی سہولیات چھین کر انہیں موت کے منہ میں پہنچانے کے مترادف ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔
ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں کو غریب عوام کی کوئی پرواہ نہیں ہے، حکومت فی الفور ادویات،یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا،چینی، گھی کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ فی الفور واپس لے، بصورت دیگر پاک سرزمین پارٹی احتجاج پر مجبور ہو جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی قائدین مصطفی کمال، انیس قائم خانی کی قیادت میں مہنگائی اور مسائل در مسائل کا شکار غریب عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، اور ان کے حقوق کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔



















