52ویں چار روزہ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ آرمی کے نام
52 ویں چار روزہ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دلچسپ مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔
اس حوالے سے ایوب سٹیڈیم ملتان میں اختتامی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو میڈلز اور انعامات سے نوازا گیا۔
مردوں کے مقابلوں میں پاک آرمی کی ٹیم مجموعی طور پر سب سے زیادہ 17 سونے کے تمغے 12 سلور اور 10 برونز کے تمغے حاصل کر کے سر فہرست رہی جبکہ واپڈا کی ٹیم کا 6 سونے اور 7 سلور کے تمغوں کے ساتھ دوسرا نمبر رہا ۔ HEC دو سلور کے تمغے حاصل کر سکی۔
خواتین کی واپڈا ٹیم 8 سونے ،11 سلور اور 8 برونز کے تمغوں کے ساتھ نمایاں رہی جبکہ HEC ٹیم 5 سونے 6 سلور اور 5 برونز کے تمغے حاصل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کر سکی۔ آرمی ٹیم 8 سونے 4 سلور اور 2 برونز تمغے لے سکی۔
اس سے قبل مختلف کھیلوں، پول والٹ ،ریس ،ہمر تھرو،ٹرپل جمپ،ہائی جمپ اور مردںو خواتین کی الگ الگ ریلے ریس کا انعقاد ہوا ۔
مردوں کی 4x 100 میٹر کی ریلے ریس میں آرمی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔جبکہ خواتین کی 4×100 کی ریلے ریس کا ٹائٹل HEC نے اپنے نام کیا۔
پول والٹ ویمن میں آرمی کی عظمیٰ ،400 میٹر وومن ریس میں HEC کی ملیکہ شہزاد،خواتین کی ہمر تھرو میں HEC کی ہی ملیحہ سلیم اور 5000 میٹر ریس میں واپڈا کی مائرہ بی بی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
مردوں کی 200 میٹر ریس میں آرمی کے شفیق شاہد ،ٹرپل جمپ میں آرمی کے ہی شہباز مجید اور ہائی جمپ میں آرمی کے احمد فراز نے میدان مارا۔ہمر تھرو میں آرمی کے شکیل احمد اول اور 5000 میٹر ریس میں بھی آرمی کے محمد اختر نے پہلی پوزیشن لی۔