اسلام آباد میں مینگو فیسٹیول شروع ہوگیا

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان اور تحقیقاتی ادارہ برائے آم ملتان کے تعاون سے چھٹے سالانہ مینگو فیسٹیول کا سنٹورس مال اسلام آباد میں آغاز، جس میں ایک سو سے زائد أم کی اقسام نمائش کے لئے لگائی گئیں۔
مینگو فیسٹیول کا افتتاح صدر آزاد کشمیر برسٹر سلطان محمود چودھری نے ہمراہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز) مرزا محمد آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، ڈاکٹر عابد قیوم سلہری، ڈاکٹر محمد نواز خان نے کیا۔
افتتاح کے بعد معزز مہمانوں نے آم کی مختلف اقسام کا معائنہ کیا ، اور زرعی یونیورسٹی ملتان کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستان کی مضبوطی اور مستحکم ہونے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آموں کی اس طرح کی نمائش سے کسانوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔
وائس چانسلر زرعی جامعہ ملتان کی مینگو گروورز اور کسانوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنے پر شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں ایسی نمائشوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ مینگو فیسٹیول زرعی یونیورسٹی ملتان کے ساتھ ساتھ جنوبی پنجاب میں بھی برانڈ بن گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الحمد للہ اس مینگو فیسٹیول سے کسانوں کی پیداوار اور آم کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ أم کے ساتھ ساتھ ہم دوسرے پھلوں کی نمائش کا اہتمام بھی کریں گے۔
اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں شہریوں اور یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے پروفیسر ڈاکٹر مبشر مہدی، ڈاکٹر کاشف رزاق،ڈاکٹر عابد حسین، محمد عدیل جنجوعہ،آصف حیات ٹیپو, ڈاکٹر عبدالرحمن سمیت دیگر شرکاء موجود تھے۔


















