اچھی کارکردگی والے پولیس اہلکاروں کے انعام کا اعلان

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے ڈی پی او رحیم یار خان کے دفتر میں اہم اجلاس کیا ۔
جس میں ضلع رحیم یار خان خصوصاً کچہ کے علاقہ میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔
اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور شیر اکبر،اے آئی جی ڈسپلن ساؤتھ پنجاب پولیس،ڈی پی او رحیمیار خان محمد علی ضیاء،ایس پی انویسٹیگیشن رحیم یار خان دوست محمد اور سرکل افسران شریک تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبہ میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے لیے کوشاں ہے اسی سلسلہ میں تحصیل صادق آباد کے پولیس سرکل یونٹ کو انتظامی طور پر تقسیم کرتے ہوئے بھونگ میں نئے سرکل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ کچہ کے علاقہ میں جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی مزید مؤثر طریقے سے کی جاسکے۔
ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی پی اوز و ایس ایچ اوز اپنے پیشہ ورانہ امور میں مزید دلچسپی لیتے ہوئے اپنے دفاتر اور تھانہ کی سطح پر عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں، جھوٹے مقدمات درج کروانے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے، درج مقدمات کوحقائق کے مطابق بروقت میرٹ پر یکسو کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مجرمان اشتہاریوں، عدالتی مفروران، ریکارڈی و عادی جرائم ملزمان کی گرفتاری کے لیے موئثر حکمت عملی اپنائی جائے، انہوں نے مویشی چوری، بھکاریوں اور سموگ کے خلاف جاری مہمات کو کامیاب بنانے کے تمام تر صلاحیتوں اور وسائل کو برؤے کار لانے کی ہدایت کی۔
کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ جرائم اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے پولیس افسران اپنا کلیدی کردار ادا کریں انہوں نے خواتین اور بچوں کے خلاف ہونے والے جرائم کے مقدمات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور گشت مؤثر بنانے کا بھی حکم دیا۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے اہلکاروں کو ان کی اسطاعت کے مطابق ذمہ داریاں سونپنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں کی کارکردگی کو مانیٹر بھی کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی پولیس افسران و اہلکار اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ان کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی انعام سے بھی نواز جائے گا، جو افسر یا اہلکار پیشہ ورانہ امور میں غفلت، لاپرواہی اور محکمہ کے وقار کو کسی صورت مجروع کرنے کا باعث بنیں گے تو ان کا کڑا احتساب کیا جائے گا۔
انہوں نے سرکل پولیس افسران کو باہمی رابطوں و مربوط بنانے اور ہمسایہ اضلاع کی پولیس سے رابطے بڑھا کر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران ڈی پی او رحیم یارخان محمد علی ضیاء نے ضلع میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری خصوصا کچے کے علاقہ میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی بارے بریفنگ دی۔



















