فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف اہلیہ و دیگر 11 افراد سمیت ہلاک، جنرل قمر باجوہ کا اظہار افسوس

بھارت کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔
بھارتی فضائیہ کے مطابق بھارتی فضائیہ کے روسی ساختہ ایم آئی 17وی فائیو ہیلی کاپٹر میں جنرل بپن راوت سمیت 10 افراد اور عملے کے 4 ارکان سوار تھے۔
بھارتی فضائیہ کا کہنا ہے کہ جنرل بپن راوت بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ضلع نیلا گیری میں واقعے ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج میں ایک تقریب میں شرکت کیلئے جار ہے تھے کہ کونور کے قریب ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔
بھارتی فضائیہ نے جنرل بپن راوت کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد حادثے میں ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ صرف ایک شخص کو زخمی حالت میں ریسکیو کیا گیا ہے۔
بھارتی فضائیہ کے مطابق زخمی ملنے والے شخص کی شناخت بھارتی فضائیہ کے گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جو ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج (DSSC) کے ڈائریکٹنگ اسٹاف تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں 13 لاشیں ملی ہیں جن کی شناخت کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں بھارتی ائیر فورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد 31 دسمبر 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے، لیکن مودی سرکار نے انہیں بھارت کی مسلح افواج کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا تھا۔
دوسری طرف چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارت میں ہیلی کاپٹرکریش پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ندیم رضا اورجنرل قمرجاوید باجوہ نے جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت دیگر افراد کی المناک موت پرافسوس کا اظہار کیا۔


















