Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

بلدیاتی انتخابات : مار گئی مہنگائی،کے پی کے میں پی ٹی آئی کو شکست، جمعیت علمائے اسلام آگے

خیبر پختونخوا (کے پی) کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو میئرز کے انتخابات میں اپ سیٹ شکست کا سامنا ہے, جبکہ چیئرمین تحصیل کونسلز کے انتخابات میں بھی جمعیت علمائے اسلام سب سے آگے ہے۔
خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 61 تحصیل کونسلز اور 5 سٹی کونسلز کے لیے انتخابات ہونے تھے، لیکن بکا خیل تحصیل کونسل اور ڈیرہ اسماعیل خان سٹی کونسل میں انتخاب نہیں ہوا۔
کے پی بلدیاتی الیکشن میں 5 سٹی میئرز کے لیے انتخابات ہونے تھے تاہم سٹی کونسل ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی کے میئر کے امیدوار کو قتل کیے جانے کی وجہ سے ادھر پولنگ ملتوی کردی گئی تھی اور 4 سٹی کونسلز مردان، پشاور، کوہاٹ اور بنوں میں سٹی میئر کیلئے پولنگ ہوئی۔
پشاور، مردان، بنوں اور کوہاٹ میں میئر کیلئے پی ٹی آئی کا کوئی امیدوارکامیاب نہ ہوسکا۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مطابق مردان میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے حمایت اللہ مایار 56 ہزار 458 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ جمیعت علمائے اسلام کے امانت شاہ حقانی 49 ہزار 938 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔
کوہاٹ میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے شیر زمان بھی 34 ہزار 434 ووٹ لے کر میئر کا انتخاب جیت گئے، آزاد امیدوار سیف اللہ جان 25 ہزار 793 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پشاور میں سٹی میئر کا میدان بھی جمعیت علمائے اسلام نے مار لیا۔
جمعیت علمائے اسلام کے زبیر علی 62388 ووٹ لے کر ناقابل شسکت برتری حاصل کرلی۔
پشاور سٹی کونسل کے میئر کے لیے 521 میں سے 515 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری نتیجہ جاری کردیا گیا ہے چھ پولنگ اسٹیشنز کے نتائج روک دیے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے محمد رضوان بنگش 50659 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
بنوں میئر کیلئے جے یو آئی کے امیدوار عرفان اللہ درانی 27 ہزار 500 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے اقبال جدون خان 22 ہزار 800 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
61 تحصیل کونسلز کے انتخابات ہونے تھے تاہم بکا خیل تحصیل میں پولنگ نہیں ہوئی ،جبکہ مزید دو تحصیلوں کے نتائج روک دیے گئے ہیں اور اب تک مجموعی طور پر 58 تحصیل کونسلز میں سے 43 تحصیل کونسلز کے نتائج سامنے آچکے ہیں۔
اب تک سامنے آنے والے غیر سرکاری و غیر حمتی نتائج کے مطابق تحصیل کونسل کی 13 نشستوں پر جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
چیئرمین تحصیل کونسل کے الیکشن میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 10 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ چیئرمین تحصیل کونسل کی نشستوں پر 8 آزاد امیدوار بھی کامیاب قرار پائے ہیں۔
چیئرمین تحصیل کونسل کے الیکشن میں عوامی نیشنل پارٹی (اےاین پی) کے 6 ، ن لیگ کے 3، جماعت اسلامی کے 2، تحریک استقلال پاکستان (ٹی آئی پی) کا ایک چیئرمین تحصیل کونسل منتخب ہوا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button