اقلیتی برادری کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔؛ جاوید اکبر ریاض

ملتان ریجن کے اضلاع ملتان،وہاڑی،خانیوال اور لودہراں میں مسیحی برادری کے تہوارکرسمس کے حوالے سے خصوصی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں کیونکہ اقلیتی برادری کا تحفظ بھی ہمارے فرائض میں شامل ہے ۔
ان خیالات کا اظہار ریجنل پولیس آفیسر جاوید اکبر ریاض نے کرسمس ڈے کے خصوصی تہوار پر کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ملتان ریجن میں 178 گرجا گھروں اور 187 کرسمس پروگرامز کی حفاظت کے لئے 1747 پولیس افسران حفاظتی فرائض پر مامور کئے گئے ہیں ۔
گرجا گھروں میں داخلہ کے لئے ریجن میں 55 واک تھرو گیٹ، 278سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔
گرجا گھروں میں آنے والے افراد کی میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے تلاشی لی جائے گی ، گرجا گھروں کی انتظامیہ کی طرف سے رضا کار بھی اس دوران موجود ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان ریجن میں 11 کرسمس بازاروں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔
ان اقدامات کا مقصد اقلیتی برادری کی جان و مال، عزت و آبرو کی حفاظت کرنا اور انہیں آزادانہ طریقہ سے مذہبی رسومات ادا کرنے اور کرسمس کی خوشیاں منانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔



















