رانا ولایت علی نے اپنی سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کردیا
ماہر تعلیم ‘ ٹیچر رہنما‘ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ریٹائر) رانا ولایت علی نے اپنی سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی سیاسی جماعت کانام ’’پاکستان زندہ باد پارٹی‘‘رکھا ہے جس کے تنظیمی انتخابات مئی میں کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے قول و فعل میں تضاد ہے ‘ انتخابی وعدے پورے کرنے تو درکنار ‘ اقتدار میں آکر اس کے بالکل الٹ کرتے ہیں ۔ہم عوام کو ان سیاسی فراڈیوں کے بارے میں آگاہ کریں گے کہ کس طرح یہ عوام کو بے وقوف بنا کر اقتدار حاصل کرتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی لوٹوں کیخلاف باقاعدہ مہم چلائی جائے گی جو نام تو عوامی مفاد کا لیتے ہیں مگر درحقیقت اپنے ذاتی مفادات کے لئے ایک سیکنڈ میں پارٹی بدل لیتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عوام میں اس بارے میں شعوری انقلاب برپا کرنا از حد ضروری ہے۔ہماری جدوجہداس شفاف نظام کے لئے ہے جس میں ملک وقوم کی بہتری ہو‘ جہاں عوام سے جھوٹے وعدے نہ کئے جائیں ‘جہاں لوٹوں کی حوصلہ شکنی ہوسکے۔
جہاں حقیقی طور پر مہنگائی سمیت عوام کے تمام مسائل حل کئے جائیں۔



















