نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں کرسمس کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کے لئے کر سمس کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز) نے طلباء کے ہمراہ کیک کاٹا اور شرکاء کو مبارکباد دی۔
تقریب میں یونیورسٹی کے طلباء و طالبات اور معاون عملہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وائس چانسلر نے کہا کہ تمام آسمانی کتابوں کا موضوع انسان تھا۔ تمام مذاہب نے انسانیت کو نکھارنے کے لئے ہی اخلاقی تعلیمات پیش کیں۔ انسانی تنوع کسی بھی معاشرے کا حسن ہوتا ہے۔ اللہ نے انسانی معاشروں میں قوموں، زبانوں، رنگوں کی بنیاد پر تنوع رکھا ہے۔ اسی طرح مذہبی تنوع ہے۔ ایک دوسرے کے ساتھ باہمی ہم آہنگی کے اصول پر رہیں۔ اس سے ایک عمدہ معاشرت پروان چڑھتی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر رشید احمد نے کہا کہ معاملات میں کوئی سختی نہیں۔ اسلام ہر شہری کو جان، مال، عزت اور عقیدہ کی حفاظت کی ضمانت دیتا ہے۔ انسانی حقوق کے حوالے سے تمام انسان برابر ہیں، سیاسی، معاشی حقوق کے حوالے سے کوئی تفریق نہیں۔
تقریب کاآغازحضرت عیسیٰؑ کی تعلیمات سے ہوا۔ مرزا ایمن نے بائبل کی اخلاقی تعلیمات پیش کیں۔
تقریب کی کمپئیرنگ یونیورسٹی کی طالبہ ماہم گل نے کی۔
اس موقع پرڈاکٹر اشفاق احمد(پرنسپل اسٹوڈنٹ افئیرز ) کے علاوہ طلباء و طالبات کی کثیر تعدا د نے شرکت کی۔



















