عدم مساوات ختم کرکے پاکستان کوامن ومحبت کاگہوارہ بنایا جاسکتا ہے:صہیب قدوس

زکریایونیورسٹی شعبہ علوم اسلامیہ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرعبدالقدوس صہیب نے کہاہے کہ معاشرے سے عدم مساوات ختم کرکے پاکستان کوامن ومحبت کاگہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پیغام پاکستان پرامن اور ہم آہنگ پاکستانی معاشرے کی تشکیل جدید کے لیے ریاست کا وہ بیانیہ ہے جسے تمام مکاتب فکر کی تائید حاصل ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے پیغام پاکستان کے زیراہتمام زکریایونیورسٹی کے شعبہ علوم اسلامیہ میں ایک روزہ ورکشاپ سے خطاب کے دوران کیا۔
ورکشاپ سے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈپٹی ڈائریکٹر رستم خان اور خالد جمیل نے بھی خطاب کیا۔
ورکشاپ میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام،مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں، شاعروں ،ادیبوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
افتتاحی کلمات میں رستم خان نے کہا کہ یہ مکالمہ دراصل مختلف مکاتب فکر سے تجاویز حاصل کرنے کے لیے کیاجارہا ہے تاکہ پیغام پاکستان کے زیراہتمام جو متفقہ اعلامیہ جاری کیاگیا اس تاریخی اعلامیے کے خدوخال میں اگر کوئی کمی رہ گئی ہے تو اسے دور کیا جائے اور نئی تجاویز کے ساتھ اسے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد تک پہنچایا جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ یہ تجاویز متعلقہ اداروں تک پہنچائی جائیں گی تاکہ ملک سے عدم برداشت ،رواداری اوردہشت گردی کاخاتمہ ہوسکے۔خالد جمیل نے کہاکہ علمائے کرام کو اپنے منبر اور شاعروں ادیبوں کو اپنی تحریروں کے ذریعے یہ پیغام عام کرنا ہے۔
اس موقع پر قمر رضا شہزاد، رضی الدین رضی، شاکرحسین شاکر، اظہر سلیم مجوکہ، علامہ غلام مصطفی انصاری، سید ثقلین نقوی، شاہد راحیل خان، قیصر عباس صابر، رائو عارف رضوی، رائو عبدالقیوم شاہین، فہیم ممتاز، اکبرہاشمی، لقمان ناصر،اکرم انصاری، علی عمران ممتاز،قیصر عمران مگسی اور دیگر شرکاءنے بھی اظہارخیال کیا۔



















