17ویں چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی 9 فروری کو ہو گی ، گاڑیوں کی رجسٹریشن کاعمل شروع
ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب ملتان کے ڈپٹی منیجر شیخ اعجاز نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئےبتایا کہ ٹی ڈی سی پی کے زیر اہتمام 9 سے 13 فروری تک پانچ روزہ جیپ ریلی کے انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں ،اس سلسلے میں گاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن یکم جنوری سے شروع کی گئی تھی جو 30 جنوری تک سنگل فیس کے ساتھ جاری رہے گی جبکہ یکم فروری سے ڈبل فیس کے ساتھ رجسٹریشن کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پری پیڈ کیٹگری کے لیے سنگل فیس 30ہزار روپے، سٹاک کیٹگری کے لیے 25ہزار روپے، سپانسر کے لیے 35ہزار روپے اور سٹاک سپانسر کیٹگری کے لیے 30ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
ڈپٹی منیجر نے کہا کہ جیپ ریلی میں 125 جیپ ڈرائیور حصہ لے سکتے ہیں، اور امید ہے کہ ہم اس سال یہ اعداد و شمار عبور کر لیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ خواہشمند حضرات بینک آف پنجاب میں آن لائن فیس جمع کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ روٹ کمیٹی جیپ ریلی ٹریک کا انتخاب چار ریسی سیشن کے بعدکرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال جیپ ریلی کے لیے نئے ٹریک کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
ٹی ڈی سی پی کے ڈپٹی منیجر نے کہا کہ جیپ ریلی کے موقع پر مقامی ثقافت کو فروغ دینے کےلئے روایتی کبڈی، اونٹ ریس، موٹر سائیکل ریس، فوڈ سٹریٹ اور دیگرتقریبات کا انعقادبھی کیا جائے گا۔



















