ملتان کی نئی سٹرکوں پر شجرکاری اور لائٹس لگانے کاحکم

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ملتان کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اربوں روپے کی مالیت سے شاہراؤں کی اپ گریڈیشن کے منصوبے جاری ہیں۔
اس سلسلے میں ضلع بھر میں روڈز کی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جارہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وہاڑی چوک تا بہاولپور چوک روڈ کی تکمیل کے بعد منصوبے کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود بھی ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے بھرپور کاوش کے ذریعے چوک بہاولپور تا وہاڑی چوک دو رویہ روڈ کی تکمیل کرکے عوام کو ریلیف دیا۔
پی ایچ اے اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ نئی روڈ پر خوبصورت شجرکاری اور لائٹس لگائی جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واسا کو سختی سے حکم دیا ہے کہ اپنی زیرتکمیل سکیموں کو جلد مکمل کیا جائے اور منصوبے کی تکمیل کے بعد روڈز کو انکی اصل حالت میں بحال کیا جائے۔
قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔



















