احساس انڈر گریجویٹ بارے آگاہی بارے تقریب کا اہتمام
ویمن یونیورسٹی میں احساس انڈ رگریجویٹ بارے آگاہی بارے تقریب کا اہتما م کیا گیا، جس میں400سے زائد طالبات نے شرکت کی ۔
تقریب میں اسسٹنٹ رجسٹرار سائرہ ناصر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا انڈر گریجویٹ اسکالر شپ پروگرام ہے. یہ ملکی تاریخ کا پہلا ضرورت اور میرٹ پر مبنی سکالرشپ پروگرام ہے۔
اس پروگرام کے تحت، ہر سال کم آمدنی والے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے 50,000 طلباء کو چار اور پانچ سالہ انڈر گریجویٹ پروگراموں میں ِتعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکالرشپس دئیے جاتے ہیں ۔ آئندہ 4 سالوں میں 200,000 انڈر گریجویٹ اسکالرشپس ضرورت اور میرٹ کی بنیاد پر دئیے جائیں گے۔ 50 فیصد اسکالرشپس خواتین طلباء کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
اس 4 سالہ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے کل24ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت دئیے جانے والے اسکالرشپ میں 100 فیصدٹیوشن فیس کے ساتھ 4,000 روپے ماہانہ گزر بسر کا وظیفہ بھی شامل ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام پر عمل درآمد کا ادارہ ہے۔ یہ پروگرام پورے ملک بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی ایچ ای سی کے ذریعہ تسلیم شدہ سرکاری شعبے کی 135 یونیورسٹیوں میں چار سے پانچ سالہ انڈرگریجویٹ پروگراموں میں زیر تعلیم کم آمدنی والے پس منظر کے طلباء کو مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔
طالب علم کی تعلیمی کارکردگی کی نگرانی کی جاتی ہے اور تسلی بخش کارکردگی کی صورت میں اسکالرشپ وصول کنندگان کو انڈرگریجویٹ پروگرام مکمل ہونے تک وظیفہ ملنا جاری رہے گا۔ ٹیوشن فیس براہ راست یونیورسٹیوں کو دی جائے گی، جبکہ گزربسر کا وظیفہ براہ راست طالب علموں کے اکاؤنٹ میں جمع کروایا جائے گا۔
یونیورسٹی کی ایوارڈ کمیٹی، ایچ ای سی ٹیم کی معاونت کے ساتھ درخواست گزاروں کی فیملی آمدن اور جی پی اے کی تصدیق کرتی 45,000روپے ماہانہ سے کم خاندانی آمدن والے تمام اہل طالب علموں کو ان کے جی پی اے کے مطابق میرٹ پر پرکھا جاتا ہے۔
حتمی ایوارڈ فہرستیں ہر یونیورسٹی میں آویزاں کی جائیں گی،جو ایچ ای سی اور یونیورسٹی کی ویب سائٹس پر بھی دستیاب ہونگی۔
انہوں نے بتایا کہ منتخب ہونے والے طالب علموں کو اپنے بنک اکاؤنٹ کھولنے ہونگے تاکہ گزربسر کا وظیفہ براہ راست ان کے اکاؤنٹ میں جمع کروایا جا سکے۔اس موقع پر طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔



















