ملتان میں "ماہ صفائی” کا آغاز کردیا گیا

وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ بھر کی طرح ملتان میں "ماہ صفائی” کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عامرکریم خان نے گھنٹہ گھر چوک میں ماہ صفائی مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر کمپنی افسران اور ورکرز کی چوک گھنٹہ گھر تک شاندار آگاہی ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کی۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فاروق ڈوگر بھی موجود تھے۔ماہ صفائی کے آغاز کے فوری بعد ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے گھنٹہ گھر اور اطراف میں گرینڈ صفائی آپریشن بھی کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صفائی کو کامیاب بنانے کے لئے بھر پور انتظامات کئے گئے ہیں۔ماہ صفائی مہم میں پورے ضلع کا ہر ایریا صاف کیا جائے گا۔
عامر کریم خان نے کہا کہ دیہی اور شہری علاقوں، پارکوں اور گرین بیلٹس کی صفائی ستھرائی کی جائے گی جبکہ عوامی مقامات، مساجد اور اقلیتوں کی عبادگاہوں کی بھی مثالی صفائی کی جائے گی۔
عامر کریم خان نے بتایا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے کمپنی افسران اور اہلکاروں کو انعامات بھی دیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ صفائی بارے شہریوں کی شکایات کے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔
شہری صفائی کے لئے ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کر سکتے ہیں ، جبکہ شہری صفائی بارے اپنی شکایات واٹس ایپ نمبر9215555-0305 پر بھی پوسٹ کرسکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے توقع ظاہر کی کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
قبل ازیں سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فاروق ڈوگر نے کہا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لئے19 سو سے زائد ورکرز اور134 گاڑیاں فیلڈ میں اتار دی گئیں ہیں، جبکہ ماہ صفائی کے دوران روزانہ تین یونین کونسلوں میں زیرو ویسٹ کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔
سی ای او نے بتایا کہ شہر کی135 کلومیٹر طویل شاہراہوں کے ڈیوائیڈرز سے مٹی ہٹانے کے لئے سکریپنگ بھی کی جائے گی،سی ای او نے کہا کہ سڑکوں کی صفائی کے لئے7 مکینیکل سوئیپر استعمال کئے جائیں گے اور چھ واٹر باوزر گاڑیاں روزانہ شاہراہوں پر چھڑکاو کریں گی۔
فاروق ڈوگر نے کہا کہ شہری ملتان کو صاف ستھرا رکھنے میں کمپنی کے ساتھ تعاون کریں اور شہری گھروں کا کوڑا صبح سویرے گھروں کے باہر رکھ دیا کریں ، جبکہ دکاندار رات کو دکان بند کرتے وقت صفائی کرکے کوڑا باہر رکھ کر جائیں۔
قبل ازیں کمپنی کی جانب سے ماہ صفائی کے پہلے روز رہائشی علاقوں میں بھرپور صفائی آپریشن کیا گیا ، اور کوڑے کے ڈھیر ٹھکانے لگائے گئے۔



















