سینٹ میں سٹیٹ بنک بل کی منظوری اپوزیشن کو شکست کی واضح دلیل:حسان خاور

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ اپوزیشن تقسیم ہو چکی ہے، سینٹ میں سٹیٹ بنک بل کی منظوری کے موقع پر اپوزیشن کو شکست اس کی واضح دلیل ہے۔
ن لیگ اسمبلیوں سے استعفے کی بات کرتی ہے جبکہ دوسری طرف پی پی پی چاہتی ہے کہ سندھ حکومت کے ذریعے اس کی کرپشن کا پہیہ چلتا رہے،اس بناء اپوزیشن اختلافات کا شکار ہے۔
حسان خاور نے سپریم کورٹ کی طرف سے راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی بحالی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ہاوسنگ سوسائٹی نہیں بلکہ ایک نیا شہر بسانے کا منصوبہ ہے جہاں20 ارب ڈالر کی سرمایہ ہو گی اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے۔
انہوں کہا کہ اس منصوبے کے تحت تین واٹر بیراج تعمیر ہونگے،2 کروڑ درخت لگائے جائیں گے اور20 لاکھ رہائشی یونٹ تعمیر ہو گے۔
اس ترقیاتی عمل سے کنسٹرکشن انڈسٹری سے منسلک 30 سے زائد صنعتوں کو فائدہ پہنچے گا،روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور اکنامک گروتھ بڑھے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں نیوز کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی حسان خاور نے کہا کہ راوری ریور فرنٹ کا منصوبہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے جسے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔
پاکستان میں اسلام آباد کے بعد کوئی نیا شہر نہیں بسایا گیا جبکہ گزشتہ چند سالوں میں اربانائزیشن کی وجہ سے دنیا میں200 سے زائد نئے شہر بسائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے اپنی حکومت کے دوران سارا پیسہ لاہور شہر پر لگا دیا جس کے نتیجے میں اربنائزیشن ہوئی اور شہری آبادی میں بے ہنگم اضافہ ہوا اور چند برسوں کے دوران لاہور شہر کا رقبہ98 مربع کلومیٹر سے بڑھ کر598 مربع کلومیٹر تک جا پہنچا۔
اس طرح پلاننگ کے فقدان کی وجہ سے لاہورشہر میں سروسز کے مسائل پیدا ہو گئے، ٹریفک بڑھنے سے آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہوا اور زیر زمین پانی کی سطح نیچے چلی گئی۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ راوی ریور اربن پراجیکٹ سے واٹر ٹیبل میں بہتری آئے گی،ماحول اور موسمیاتی تبدیلی پر مثبت اثر پڑے گا۔
جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں حسان خاور نے کہا کہ پی پی اور ن لیگ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حوالے سے بیان بازی کرکے صرف پوائنٹ سکورنگ کررہے ہیں۔جب علیحدہ صوبے کے حوالے سے بل اسمبلی میں آئے گا تو دونوں جماعتیں بھاگ جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت جنوبی پنجاب صوبے کا وعدہ پورا کرے گی اور اسمبلی میں اس حوالے سے آئینی ترمیم لائے گی۔
انہوں نے واضح کہا کہ مرحلہ وار تمام ڈیپارٹمنٹس جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ لائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ علیحدہ صوبے کے حوالے سے ایک مسودہ بھی تیار کیا جارہا ہے جو عوام کے سامنے لایا جائے تاکہ اس پر بحث ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ نشتر ٹو سمیت جنوبی پنجاب میں اربوں روپے مالیت کے درجنوں میگا پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں جبکہ ہر ضلع کو ترقیاتی پیکج بھی دیا گیا ہے۔کھاد کی قلت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے معاون خصوصی نے بتایا کہ گزشتہ سال60 لاکھ ٹن کھاد تیار کی گئی جبکہ امسال63 لاکھ ٹن کھاد تیار کی گئی۔
انہوں نے بتایا دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں کھاد کی قیمت کم ہونے سے اس کی سمگلنگ کی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔دوسرا بہتر معاوضہ ملنے کی وجہ سے قابل کاشت رقبہ میں اضافہ ہوا۔
حسان خاور نے بتایا کہ چین سے کھاد درآمد کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ پاکستان کی کھاد پیدا کرنے کی سالانہ استعداد66 لاکھ ٹن ہے۔آئند سال کھاد فیکٹریاں فل کیپسٹی پر چلائی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سادگی کی مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کیمپ آفسسز کے اللے تللے بند کر دئے ہیں اور وزیر اعلی سیکرٹریٹ کے اخراجات میں واضح کمی کردی ہے۔ حسان خاور نے کہا کر وزیر اعلیٰ نے باقاعدہ احکامات جاری کررکھے ہیں کہ اگر کوئی شخص کسی کام کے لئے ان کا نام استعمال کرے تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔
معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب22 فروری سے ملتان ڈویژن میں صحت کارڈ لانچ کر رہی یے۔اس کے علاوہ احساس راشن پروگرام بھی شروع کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کو سب سے پہلے صحت کارڈ جاری کئے جائیں گے تاکہ وہ بھی پرائیویٹ ہسپتالوں سے اپنا اور اپنی فیملی کا علاج معالجہ کرا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی کم تنخواہوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔
اس حوالے سے انکی خواہش ہے کہ میڈیا مالکان کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک میڈیا ہاوس سے اپنے کارکنوں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے۔ میڈیا کے دیگر اداروں کو بھی اسکی تقلید کرنی چاہیے۔



















