سدرن پنجاب بلیوز اور خیبر پختونخواہ وائٹس پیر کو نیشنل انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل میں مدمقابل آئیں گے

ملتان میں جاری نیشنل انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کے اختتام پر گروپ اے اور بی کی ٹاپ ٹیمیں بالترتیب خیبرپختونخواہ وائٹس اور سدرن پنجاب بلیوز کی ٹیموں نے ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے.
دونوں ٹیموں کے مابین ایونٹ کا فائنل 7 فروری کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا.
اس سے قبل ہفتے کے روز آخری گروپ میچز میں سدرن پنجاب بلیوز، سینٹرل پنجاب بلیوز اور خیبر پختون خواہ بلیوز نے اپنے اپنے میچز جیت لیے.
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب بلیوز نے سندھ بلیوز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا. فاتح ٹیم نے 173 رنز کا ہدف 33.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا.
فرحان یوسف 84 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے. سندھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے تھے. یحییٰ شاہ نے 66 اور سفیان عثمانی نے 51 رنز اسکور کیے.
ایم سی سی گراؤنڈ ملتان میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب بلیوز نے ناردرن بلیوز کو 5 وکٹوں سے شکست دی.
فاتح ٹیم نے 191 رنز کا ہدف 43.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا. سمیر اختر 45 اور محمد ثاقب ناٹ آؤٹ 35 رنز بنا کر نمایاں رہے. محمد نبیل نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا.
اس سے قبل ناردرن کی ٹیم 190 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی. محمد بلال کے 58 اور سید علی مہدی نے 53 رنز بنائے. محمد جہانشیر نے 5 وکٹیں حاصل کیں.
اسپورٹس گراونڈ ملتان میں کھیلے گئے میچ میں خیبر پختون خواہ بلیوز نے بلوچستان بلیوز کو 103 رنز سے ہرادیا.
فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 197 رنز بنائے. شاہ زیب خان نے 59 رنز بنائے.
جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی. عبدالصبور کے 46 رنز کے علاوہ بلوچستان کا کوئی بھی بیٹر ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا.
احمد حسین نے 4 اور محمد عبید نے 3 وکٹیں حاصل کیں.



















