وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، اعلامیہ جاری

دونوں عالمی رہنماؤں کی ملاقات بیجنگ کے گریٹ ہال آف پیپل میں ہوئی، اکتوبر 2019میں وزیراعظم کے دورہ چین کےبعد دونوں رہنماؤں کی پہلی ملاقات تھی۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، اور خوشگوار ماحول میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے اولمپک سرمائی کھیلوں کی کامیاب میزبانی پر چینی قیادت کو مبارکباد دی اور چین کے نئے قمری سال پر چینی عوام کے لئےنیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین پاکستان کا ثابت قدم ساتھی، مضبوط حامی اورآئرن برادر ہے، پاکستان اور چین کی شراکت داری نے وقتی آزمائشوں کا مقابلہ کیا ، اور دونوں ممالک امن، استحکام، ترقی وخوشحالی کیلئےشانہ بشانہ کھڑے رہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ، چین سی پیک منصوبےسے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔
ملاقات میں وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو جیو اکنامکس، پاکستان کی پائیدار ترقی سے آ گاہ کیا۔
اس موقع پر صنعتی ترقی، زرعی ٹرانسفارمیشن پلان ، علاقائی روابط کیلئے پالیسیوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی، اقتصادی ترقی کیلئےچین کی مسلسل حمایت اور مدد پر اظہار تشکر کیا، پاکستان،چین میں شراکت داری خطے میں امن و استحکام کیلئے ضروری ہے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے کی تازہ صورتحال اور علاقائی امن پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا معاملہ بھی اٹھاتے ہوئے چینی صدر کو آگاہ کیا کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم علاقائی امن واستحکام کیلئےخطرہ ہیں، بھارت میں تیزی سے بڑھتی عسکریت پسندی علاقائی استحکام کونقصان پہنچارہی ہے۔
پاک چین قیادت نے اتفاق کیا کہ مستحکم افغانستان اقتصادی ترقی، رابطوں کوفروغ دےگا، وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ انسانی تباہی روکنے میں افغان عوام کی مددکرے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے صنعتی،خلائی تعاون سمیت ویکسین فراہمی پر متعدد معاہدوں پراظہار اطمینان کیا۔
وزیراعظم نےچینی صدر سےبڑھتے پولرائزیشن کےبارےمیں خیالات کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں پولرائزیشن سے عالمی ترقی ،ترقی پذیر ممالک کوسنگین خطرات ہیں، موسمیاتی تبدیلی، وبائی امراض ،عدم مساوات ناقابل تسخیرچیلنجزہیں، چیلنجز سے صرف یو این چارٹر کے مطابق تعاون کیساتھ ہی نمٹا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ میں چینی ہم منصب اور ازبکستان کے صدر سے ملاقاتیں کیں۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں کشمیر اور افغانستان گفتگو کے اہم موضوعات رہے۔



















