جیمز فالکنر کی پی ایس ایل میں شمولیت پر پابندی عائد

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جیمز فالکنر کی پی ایس ایل میں شمولیت پر پابندی عائد کردی۔
جیمز فالکنر کو آئندہ پی ایس ایل میں نہ کھلانے پر کرکٹ بورڈ اور فرنچائز میں اتفاق ہوگیا ،جس کے بعد پی سی بی نے فالکنر کی آئندہ پی ایس ایل میں شمولیت پر پابندی عائد کردی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جیمز فالکنر کو مستقبل میں پی ایس ایل میں ڈرافٹ نہیں کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں پی سی بی اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیمز فالکنرکے الزامات کو مسترد کردیا ہے، پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ان کا یہ رویہ قابل مذمت ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے تمام شرکا کیساتھ انتہائی احترام کا سلوک برتا جاتا ہے، لیگ کے ساتوں سال کسی کھلاڑی نے کنٹریکٹ پورا نہ کرنے کی شکایت نہیں کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام کھلاڑی مطمئن رہے اسی لیے 2016 سے ایونٹ کا حصہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آسٹریلوی کھلاڑی جیمز فالکنر نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ پر معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کا الزام لگایا، اور لیگ سے دستبردار ہوتے ہوئے وطن روانہ ہوگئے۔
فالکنر نے لاہور میں ہوٹل پراپرٹی کو بھی نقصان پہنچایا ، اور اس وقت وہ نشے کی حالت میں تھے ، جبکہ ہوٹل میں نقصان کا ازالہ چیک آؤٹ کے وقت پی سی بی نے کیا۔
جیمز فالکنر نے امیگریشن حکام سے بھی بدتمیزی کی تھی ، جس کے بعد معاملے کو اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لایا گیا تھا۔


















